جب تک اقتدار پرہوں عوام کیلئے کام کروں گا: وزیر اعلیٰ پنچایت صدر سے وزیر اعظم کے عہدہ تک دیوے گوڈا نے کبھی خاندانی سیاست نہیں کی
02:10PM Fri 21 Sep, 2018
ہاسن:21؍ستمبر (،نامہ نگار) ریاستی حکومت لوٹ مار کا ارادہ نہیں رکھتی، حکومت کا خزانہ محفوظ ہے، ریاست کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے رقم کا استعمال کیا جارہا ہے اور عوامی فلاحی منصوبے جاری کئے جارہے ہیں،یہ بات وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے کہی۔ انہوں نے یہاں ضلع کے چن رایا پٹن تعلقہ کے ادئے پور میں مختلف ترقیاتی کاموں کے تعمیری کام کا سنگ بنیاد اور افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مشکلوں کا سامنا کرتے ہوئے ریاست کو ترقی کی جانب لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے۔جتنے دنوں تک اقتدار پر رہوں گا ریاست کے عوام کے مسائل حل کرنے اور ریاست کی مجموعی ترقی کیلئے پوری ایمانداری کے ساتھ کام کروں یہی سابق وزیر اعظم دیوے گوڈا کی بھی ہدایت ہے۔ گرام پنچایت صدر کے عہدے سے ملک کے باوقار وزیر اعظم کے عہدے تک پہنچنے والے دیوے گوڈا نے کبھی خاندانی سیاست کو بڑھاوا نہیں دیا۔ مسلسل عوامی خدمت میں لگے رہے انہیں کے نقش قدم پر چل کر سیاست میں مقام حاصل کیا ہے اور ریاست کے عوام نے بھی مجھے پسند کیا ہے۔ کمار سوامی نے کہا کہ وزیر تعمیرات عامہ ایچ ڈی ریونا پر زمین غبن کرنے کا الزام لگتے ہی ڈپٹی کمشنر سے تمام تفصیل طلب کی اور کسی بھی طرح کا غبن نہ ہونے کا انکشاف ہونے کے بعد ہی چین کی سانس لی۔ہاسن ضلع سمیت ریاست کی مجموعی ترقی کیلئے جدوجہد کی جائے گی، روزگار کے قیام، صنعتوں کی ترقی کو ترجیح دی جائے گی۔ ریاست میں کسی بھی طرح کاذات پات کا بھید بھاؤ نہ ہو اس طرح کے اقدامات کئے جائیں گے اس کیلئے تمام کا تعاون ضروری ہے۔ ریاست کے کسانوں کی طرف سے جو قومیائے گئے بینکوں سے قرض لیا گیا ہے، ایک لاکھ روپئے تک کا قرض معاف کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔پچھلی سدارامیا حکومت کی طرف سے معاف کئے گئے قرض کی رقم اب لوٹائی جارہی ہے۔ کمار سوامی نے کہا کہ ہاسن ان کا پیدائشی مقام ہے اور ان کے خاندان کو سیاسی زندگی بخش ہے پچھلے 10سالوں سے زیر التوا تعمیری کاموں کا آج آغاز کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر برائے تعمیرات عامہ بھی اس بات کو لے کر کافی پریشان تھے۔ کئی مرتبہ ان منصوبوں کے فوری نفاذ کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر برائے تعمیرات عامہ و ضلع نگران کار ایچ ڈی ریونا،وزیر کوآپریشن بنڈپا قاسم پور، ارکان اسمبلی سی این بال کرشنا، کے ایس لنگیش، اے ٹی رام سوامی، کے ایم شیولنگے گوڈا، مری تبے گوڈا، کے ٹی شری کنٹھے گوڈا، ایم اے گوپال سوامی، ڈپٹی کمشنر، روہنی سندوری، ضلع پنچایت صدر شویتا دیوراج، نائب صدر سپردیپ یجمان، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ایس این پرکاش گوڈا اور دیگر حاضر تھے۔