امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا ایک ہفتے میں افغانستان جنگ جیتنےکا دعویٰ
02:57PM Sat 3 Aug, 2019
کابل: امریکی صدرڈونالڈ ٹرمپ نےکہا ہےکہ وہ افغانستان کی جنگ ایک ہفتے میں جیت سکتے ہیں، لیکن وہ اس کےلئےایک کروڑافراد کا قتل نہیں کرنا چاہتے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نےاین بی سی نیوزکو بتایا، "میں افغانستان جنگ ایک ہفتےمیں ختم کرسکتا ہوں، لیکن میں ایک کروڑافراد کوقتل نہیں کرنا چاہتا، جن میں سے زیادہ ترمعصوم لوگ ہیں۔ لیکن میں ایسا نہیں کرنا چاہتا"۔
امریکی صدرٹرمپ نےکہا کہ "میں ایٹمی ہتھیاروں کی بات نہیں کررہا ہوں۔ میں مکمل طورپرروایتی طریقہ سے جنگ کی بات کررہا ہوں، لیکن میں افغانستان میں لاکھوں لوگوں کو نہیں مارنا چاہتا"۔ انہوں نےکہا کہ 'افغانستان میں امن مذاکرات میں کافی پیش رفت ہوئی ہے۔ ہم بات چیت کررہے ہیں اورہم کافی پیش رفت بھی کرچکے ہیں'۔
ڈونالڈ ٹرمپ نےامریکہ اورطالبان کے درمیان قطرکےدارالحکومت دوحہ میں شروع ہونے والی بات چیت سےٹھیک پہلے یہ بیان دیا ہے۔ دوسری طرف افغانستان میں مصالحت کےلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے کامیاب مذاکرات ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔ اس بات چیت کے مثبت نتیجے پر پہنچنے پرہی افغانستان سے امریکی سیکورٹی فورسز کے ہٹنے کی کوششیں شروع ہو ں گی۔