بنگلورو کی ٹریفک پر قابو پانے ڈرون کا استعمال کیا جائے گا نظم و ضبط کی بحالی ، آتش زدگی اورسڑک حادثات پر روک لگانے میں آسانی ہوگی: ماہرین
02:26PM Mon 6 Aug, 2018
بنگلورو6؍اگست (سالارنیوز) شہر میں دن بہ دن بڑھتی ہوئی ٹریفک پر قابو پانے کیلئے ڈرون کا استعمال کرنے کا فیصلہ بنگلورو ٹریفک پولیس کے زیر غور ہے ۔ اہم جنکشن، سرکل وغیرہ مقامات پر گاڑیوں کی تعداد زیادہ ہورہی ہے جس کے سبب ٹریفک کا مسئلہ بھی بڑھ رہا ہے ۔ شہر کی سڑکوں پر سگنل کا انتظام کئے جانے کے باوجود بہتر نتیجہ نہیں مل رہا ہے ۔ اس کا حل ڈھونڈنے کیلئے جس جگہ پر گاڑیوں کی تعداد زیادہ ہے ڈرون کی مدد سے نیا نظام نافذ کرنے کا منصوبہ بنایا جارہاہے ۔ شہر میں 65 لاکھ گاڑیاں ہیں جن میں سے 25 لاکھ سے زیادہ گاڑیاں شہر کے اندر چلتی ہیں لیکن ان گاڑیوں کیلئے مکمل طور پر روڈ نیٹ ورک نہ ہونے کی وجہ سے ان کی رفتار بہت کم یعنی 10 کلو میٹر سے بھی کم ہے جس کے سبب ٹریفک کا مسئلہ پیش آتا ہے ۔ اس لئے جنکشن پر ٹریفک پر قابو پانے نیا نظام نافذ کرنے ٹریفک پولیس کیلئے ناگزیر بن گیا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کی ’ کے اسٹیپس ‘ کی قیادت میں ’ڈرون شوٹنگ پروجیکٹ ‘ کو تجربہ کے طور پر شروع کرنے کافیصلہ کیاہے ۔ 3 مہینوں تک نئی دہلی میں ’آمنی پریسنٹ‘ نامی نجی کمپنی کے ماہرین ٹریفک ڈیٹا تیار کریں گے ۔ پروجیکٹ کے نفاذ کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے منظوری مل گئی ہے، بہت جلد باضابطہ کام شروع ہوجائے گا ۔ اس پروجیکٹ کی نگرانی اسٹیپس کرے گی ۔ بتایا جارہا ہے کہ آندھرا میں یہ تجربہ کامیاب ہوا ہے ۔ جن مقامات پر ٹریفک زیادہ ہے وہاں ڈرون کے استعمال سے ٹریفک میں 20 فیصد کا سدھار آیا ہے ۔ وہاں پر گاڑی سواروں میں بھی بیداری لائی جارہی ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ عائد کئے جانے کے متعلق انتباہ دیا جارہا ہے ۔آمنی پریسنٹ ٹیک کمپنی کے جنرل منیجر منیش پپلینی کے مطابق ریاستی حکومت کے مشورے پر بنگلورو میں بہت جلد کام شروع کردیاجائے گا ۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ڈرون کو ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کا پتہ لگانے کیلئے استعمال کرسکتے ہیں ۔ گاڑیوں کی رفتار، حادثات کے متعلق تفصیلات حاصل کرنے میں ڈرون کار آمد ثابت ہوگا۔ نظم و ضبط کی بحالی کے علاوہ آتش زدگی سمیت مختلف حادثات پر قابو پانے میں آسانی ہوگی ۔ بتایا جارہاہے کہ ڈرون کے استعمال سے قبل مقامی اتھارٹی سے لازماً منظوری حاصل کرنی ہوگی ۔ ڈرون کو 200 میٹر اونچائی تک اڑا نہیں سکتے ۔ ایرپورٹ ، فوجیوں کے علاقے اور سرکاری اداروں کے احاطے میں ڈرون کی اڑان پر ڈی جی سی اے نے پابندی عائد کردی ہے جس کے سبب بیک وقت شہر کے تمام ٹریفک مقامات کی شوٹنگ نہیں ہوسکتی ۔ دیگر علاقوں میں ڈرون کے استعمال کا موقع فراہم ہونے کی وجہ سے مستقبل میں ٹریفک اور قانونی نظم و نسق کی بحالی کیلئے ڈرون کی مدد کارآمد ثابت ہوسکتی ہے ۔