وزیراعظم مودی نےغازی پورمیں کہا "کانگریس نے کسانوں کوقرض معافی کےنام پرجھوٹا 'لالی پاپ' دیا

12:21PM Sat 29 Dec, 2018

وزیراعظم نریندرمودی ہفتہ کو غازی پوردورے پرپہنچے۔ انہوں نے یہاں مہاراج سہیل دیوپرایک ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے غازی پورمیں میڈیکل کالج کی بنیاد بھی رکھی۔ اس دوران وزیراعظم مودی نے کہا کہ ہماری حکومت ووٹ کے لئے اسکیمیں نہیں بناتی ہے، ہماری حکومت ووٹ کے لئے اعلانات نہیں کرتی ہے۔ فیتے کاٹنے کی روایت کو ہم نے تبدیل کیا ہے۔ نریندرمودی نے کانگریس پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے کرناٹک میں لاکھوں کسانوں کوقرض معافی کا وعدہ کیا تھا، لیکن صرف 800 کسانوں کا ہی قرض معاف ہوا۔ اس دوران ان کے ساتھ اترپردیش کے گورنررام نائک اوراترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود تھے۔
 وزیراعظم نے سوال کیا یہ کیسا کھیل، کیسا دھوکہ ہے۔ کانگریس کے قرض معافی کے وعدے کا کیا ہوا۔ کانگریس نے کسانوں سے قرض معافی کا جھوٹا وعدہ کیا۔ کانگریس نے قرض معافی کی جگہ کسانوں کو جھوٹ کا لالی پاپ پکڑا دیا۔ لالی پاپ پکڑانے والی کمپنیوں سے محتاط رہیں۔ کانگریس کے جھوٹے وعدوں سے محتاط رہیں۔
 انہوں نے کہا کہ کانگریس نے 6 لاکھ کروڑ روپئے کا کسانوں کا قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا اوردیا صرف 60 ہزارکروڑ روپئے۔ اتنا ہی نہیں جب سی اے جی کی رپورٹ آئی تواس میں سے 35 لاکھ روپئے ان لوگوں کوملے جونہ کسان تھے، نہ ان پرقرض تھا اورنہ وہ قرض معافی کے حقدارتھے۔