آرگیانک اجناس سے متعلق میلے کا افتتاح

05:12AM Mon 1 May, 2017

بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز)وزیر زراعت کرشنا بائرے گوڈا نے آج بتایاکہ راگی اور جوار جیسے اجناس تغذیہ بخش ہوتے ہیں ، جس کے سبب انہیں مستقبل کی غذا قرار دیا جاسکتاہے۔ پیالیس گراؤنڈ میں محکمۂ زراعت ، باغبانی اور نبارڈ کے اشتراک سے منعقدہ تین روزہ آرگیانک اجناس میلے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ ملک میں پہلی مرتبہ کرناٹک میں اس طرح کا میلہ منعقد کیا جارہا ہے۔ 2004میں آرگیانک زراعت ، پالیسی جاری ہونے کے بعد تقریباً ڈھائی ہزار ہیکٹر پر کسانوں کے ذریعہ آرگیانک زراعت ہورہی ہے۔ ان کے مطابق ریاست میں غیر منظم اور چھوٹے کسانوں کی اکثریت ہونے کے سبب آرگیانک کسانوں کا فیڈریشن تشکیل دیا گیا ہے، جس کے ذریعہ ان کی فصلوں کو مناسب قیمتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ اسی طرح بگ بیاسکیٹ کمپنی کے ذریعہ راست طور پر اجناس کی خریدی کیلئے معاہدہ بھی کیاگیا ہے۔مرکزی وزیر برائے منصوبہ بندی ڈی وی سدانندا گوڈا نے بتایاکہ جب تک گاہک اور کسان کا راست رابطہ نہیں ہوتا تب تک کسانوں کی ترقی مشکل ہے۔ موجودہ حالات میں بارش کی کمی کے سبب کسان کافی پریشان ہیں۔ایسے میں انہیں چاہئے کہ کم پانی کے استعمال سے آرگیانک فصلیں اگانے کی کوشش کریں۔ وزیر برائے دیہی ترقیات وپنچایت راج ایچ کے پاٹل نے بتایاکہ ان کی حکومت کے ذریعہ کسانوں اور گاہکوں میں راست تعلقات پیدا کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے ذریعہ کسانوں کی فصلوں کیلئے جو تائیدی قیمت مقرر کی گئی ہے وہ ناکافی ہے۔اس میں اضافہ ضروری ہے۔مرکزی وزیر کھاد وپارلیمانی امور نے بتایاکہ آرگیانک کھاد کے استعمال سے کسانوں کو کافی فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ایس ایس ملیکارجن اور ایم آر سیتا رام کے علاوہ رکن اسمبلی ڈاکٹر اشوتھ نارائن اور رکن کونسل رام چندرے گوڈا کے علاوہ دیگر موجود تھے۔