مرسی بیدخلی کی سالگرہ پر قصر صدارت کے قریب دھماکہ

12:58PM Mon 30 Jun, 2014

بھٹکلیس نیوز/30جون,14 دھماکے میں اعلی پولیس اہلکار ہلاک، عملے کے تین افراد زخمی مصر کے دارلحکومت قاہرہ میں صدارتی محل کے قریب ہونے والے دھماکے میں پولیس کا ایک کرنل ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ دھماکا ایک ایسے وقت میں ہوا ہے کہ جب ملک میں منتخب صدر محمد مرسی کی اقتدار سے بیدخلی کی پہلی سالگرہ منانے کی تیاریاں جاری تھیں۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق پہلے دھماکے سے قصر صدارت میں صفائی عملے کے تین اہلکار زخمی ہوئے۔ دھماکے کے بعد پولیس پارٹی ارد گرد کے علاقے میں تلاشی کا کام کر رہی تھی کہ اسی دوران دوسرا بم پھٹا جس کی زد میں آ کر قاہرہ سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ میں بم ڈسپوزل کے ماہر کرنل احمد العشماوی ہلاک ہو گئے۔ اخوان السلمون کے کارکنوں کی جانب سے متوقع بلوا کارروائی کے خدشے کے پیش نظر اتوار کی صبح سے سیکیورٹی انتہائی چوکس کر دی گئی تھی۔ہفتے کے روز مصر کے علاقے شمالی سیناء میں اپنی ڈیوٹی سے واپس لوٹنے والے چار سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی نامعلوم افراد نے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔