تعلقہ کے اتر کوپا میں رسوئی گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک شخص زخمی؛ گھر کی چھت تباہ

02:50PM Fri 12 Jul, 2019

بھٹکل: 12 جولائی،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) تعلقہ کے اتر کوپا پنچایت حدود میں جمعرات کی شب قریب 10:00 بجے رسوئی گیس کا سلنڈر پھٹ جانے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوکر بری طرح جھلس گیا ہے جبکہ گھر کی چھت اور دیواریں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں۔ زخمی ہونے والے کی شناخت انیس انٹونی کی حیثیت سے کی گئی ہے جسے اب مرڈیشور کے آر این اسپتال میں بھرتی کیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ سماجی کارکن اور میونسپال کونسلر پاسکل گومس نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ کل رات انٹونی کے گھر میں اس نے چولہا جلانے کی کوشش کی تو اچانک سیلنڈر دھماکہ سے پھٹ گیا جس کی وجہ سے قریب میں موجود انٹونی بری طرح جھلس گیا اور گھر کو کافی نقصان پہنچا۔ بتایا گیا ہے کہ انٹونی کی مالی حالت بہت ہی خستہ ہے اور وہ روزانہ مزدوری کرکے کھانے والوں میں سے ہے اس لیے اہل خیر حضرات سے اس کی مالی امداد کی درخواست کی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں مرڈیشور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔