پی این بی گھوٹالہ : پہلے للت ، پھر مالیہ اور اب نیرو بھی ہوا فرار ، کہاں ہے ملک کا چوکیدار : راہل گاندھی

03:54PM Mon 19 Feb, 2018

نئی دہلی : کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے پنجاب نیشنل بینک بینک کے 11400 کروڑ روپے کے گھوٹالہ کو لے کر وزیر اعظم مودی پر ایک مرتبہ پھر نشانہ سادھا ہے۔ انہوں نے اس معاملہ میں مودی کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب ہیرا تاجر نیرو مودی ، شراب تاجر وجے مالیہ کی طرح ملک سے بھاگ رہا تھا ، اس وقت ملک کا چوکیدار کہاں تھا ۔ راہل گاندھی نے مودی کے ذریعہ انتخابی ریلیوں میں خود کو ملک کا چوکیدار بتانے اور نہ کھاوں گا ، نہ کھانے دوں گا کا نعرہ لگانے پر بھی طنز کیا۔ کانگریس صدر نے ٹویٹ کیا کہ پورا ملک ان کی خاموشی کا راز جاننا چاہتا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس سے جگ ظاہر ہوگیا ہے کہ وزیر اعظم مودی کس کے ساتھ ہیں ۔ راہل گاندھی نے ہندی میں ٹویٹ کرکے کہا کہ پہلے للت مودی ، پھر وجے مالیہ اور اب نیرو مودی بھاگ گئے ، لک کا چوکیدار کہاں تھا ، جو کہتا تھا کہ نہ کھاوں گا ، نہ کھانے دوں گا۔
 عوام صاحب کی خاموشی کی وجہ جاننا چاہتے ہیں ۔ ان کی خاموشی بتاتی ہے کہ وہ کس کے ساتھ ہیں ؟ ۔ راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی پر حملہ بولتے ہوئے ٹویٹ کے ساتھ مودی رابس انڈیا ہیش ٹیگ کا استعمال کیا ہے ۔ کانگریس صدر اس معاملہ میں لگاتار وزیر اعظم اور حکومت پر حملہ آور ہیں ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سب کچھ جانتے ہوئے بھی مودی نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ ان کا الزام ہے کہ اتنا بڑا گھوٹالہ حکومت میں اعلی عہدوں پر فائز لوگوں کے ملوث ہونے کے بغیر نہیں ہوسکتا تھا۔