اقلیتوں کیلئے بجٹ میں اضافہ کی کوشش کروں گا: ضمیر احمد ماقبل بجٹ جائزہ اجلاس میں افسروں سے تبادلہ خیال ۔ سابق فنڈ کا پورا استعمال کرنے کی ہدایت
12:17PM Fri 11 Jan, 2019
بنگلورو۔ 11جنوری (سالار نیوز )ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور ، اوقاف ،حج وغذا وشہری رسدات بی ۔ زیڈ ضمیر احمد خان نے آج وکاس سودھا میں محکمہ اقلیتی امور ، حج اوقاف اور ڈائرکٹوریٹ آف مائنارٹیز کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ ماقبل بجٹ جائزہ اجلاس کیا ۔ اجلاس میں ڈائرکٹوریٹ آف مائنارٹیز کے ڈائرکٹر اکرم پاشاہ ،آئی اے ایس ریاستی اقلیتی کمیشن کے سکریٹری انیس سراج ،کرناٹک مائنارٹیز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے مینجنگ ڈائرکٹر اصلاح الدین، ریاستی وقف بورڈ کے چیف ایکزی کیٹیو افسر محمد الیاس عیسیٰ موی ،کرناٹک وقف فاؤنڈیشن کے اسپیشل افسر عباس شریف ،اکرم باشاہ انڈر سکریٹری و اردو اکیڈمی کے انچارج رجسٹرار اور سیداعجاز احمد وظیفہ یاب کے اے ایس افسر وریاستی حج کیمپ کنوینر نے شرکت کرتے ہوئے وزیر موصوف کو تمام تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ اس مرتبہ بجٹ میں افزود فنڈ حاصل کرنے کے لئے درکار تجاویز اورمشورے بھی دےئے ۔ اقلیتی امور کی سکریٹری ساوتری آئی اے ایس اور ڈائرکٹوریٹ آف مائنارٹیزکے ڈائرکٹراکرم پاشاہ آئی اے ایس کی موجودگی اور وزیر موصوف کی صدارت میں ہوئے اجلاس کے دوران ریاستی وزیر ضمیر احمد خان نے متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ گزشتہ بجٹ میں مختص فنڈ کا مکمل استعمال کریں تاکہ اگلے بجٹ میں افزود فنڈ حاصل کرنے میں آسانی ہوسکے۔اجلاس کے بعد وزیر موصوف نے بتایا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ افسروں کا ایک اور اجلاس 19جنوری کی صبح 11بجے وکاس سودھا ہی میں طلب کریں گے ۔ جس میں مذکورہ محکمہ جات کے لئے درکار فنڈ سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ضمیراحمد نے بتایا کہ اس اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرکے اقلیتی بجٹ میں اضافہ کی گزارش کی جائے گی۔