مصر : تاریخی شہر الاقصر میں خود کش بم دھماکا

02:57PM Wed 10 Jun, 2015

بھٹکلیس نیوز / 10 جون، 15 قاہرہ / (العربیہ)مصر کے تاریخی شہر الاقصر میں مشہور سیاحتی مقام معبد الكرنک کے نزدیک خودکش بم دھماکا ہوا ہے جبکہ پولیس نے اس مقام کے نزدیک دو خودکش حملہ آوروں کو ہلاک کردیا ہے۔ مصری میڈیا کی اطلاع کے مطابق حملہ آور بمبار نے الاقصر کے مشہور تاریخی معبد الكرنک (ٹیمپل) کے بیرونی دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔وزارت داخلہ سے تعلق رکھنے والے ایک سکیورٹی ذریعے کے مطابق حملے میں کوئی سیاح زخمی نہیں ہوا ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق پولیس نے دو اور خودکش حملوں کو ناکام بنا دیا ہے اور حملہ آوروں کو ہلاک کردیا ہے۔بم دھماکے اور فائرنگ کے واقعے میں پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ نومبر 1997ء کے بعد الاقصر میں یہ پہلا خودکش حملہ ہے۔تب اسلامی جنگجوؤں نے دریائے نیل کے کنارے واقع معبد الكرنك میں موجود سیاحوں پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں اٹھاون افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ فوری طور پر کسی گروپ نے اس خودکش بم حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے لیکن یہ شورش زدہ جزیرہ نما سیناء میں مصری سکیورٹی فورسز کے خلاف نبرد آزما جنگجوؤں ہی کی کارستانی ہوسکتی ہے۔سیناء سے تعلق رکھنے والے جنگجو ملک کے دوسرے علاقوں میں واقع سیاحتی مقامات پر حملے کرتے رہتے ہیں تاکہ صدر عبدالفتاح السیسی کی حکومت کا سیاحت سے زرمبادلہ کمانے کا اہم ذریعہ ختم ہوجائے۔ واضح رہے کہ الاقصر میں چونتیس سو سال قدیم معبد الكرنک کے علاوہ فراعنہ مصر کے مقبرے ہیں اور دنیا بھر سے سیاح ان کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔سیاحت مصر کے لیے غیر ملکی زرمبادلہ کمانے کا اہم ذریعہ ہے لیکن سابق مطلق العنان صدر حسنی مبارک کے خلاف سنہ 2011ء کے اوائل میں عوامی احتجاجی تحریک کے آغاز کے بعد سے ملک میں جاری بد امنی سے سیاحت کی صنعت بری طرح متاثر ہوئی ہے اور غیرملکی سیاحوں کی مصر آمد میں نمایاں کمی واقع ہوچکی ہے۔