آپریشن کنول کیلئے رشوت کاپیسہ استعمال کیاجارہا ہے بی جے پی قائدین نے سدگنگا سوامی کو بھارت رتن دلانے کی کوشش نہیں کی:سدارامیا

03:20PM Sun 27 Jan, 2019

بنگلورو۔26جنوری(سالار نیوز)آزاد ہندوستان کے اعلان پر 69سال کا عرصہ بیت گیا۔ آج 70ویں یوم جمہوریہ ہے ،اس دن ہندوستان میں آئین کو منظوری حاصل ہوئی ۔ یہ دن آئین و دستور کے نفاذ کا دن ہے ۔ کانگریس پارٹی دستور ہند کی آشاؤں کے مطابق خدمات انجام دے رہی ہے ۔ ان خیالات کااظہار کو آرڈی نیشن کمیٹی کے صدر سدارامیا نے کیا۔ شہر کے کے پی سی سی دفتر میں منعقدہ 70ویں یومِ جمہوریہ ہند کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک دور تھا کہ لوگ غذا کے لئے ترس جاتے ، کئی افراد بھکمری سے لقمۂ اجل بن جاتے ۔ لیکن آج ملک غذا اور خوراک کے معاملہ میں خود کفیل بن گیا ہے ۔ کثرت میں وحدت کی حفاظت کرتے ہوئے ہندوستان آگے بڑھ رہا ہے ۔ سکیولرزم اور قومی یکجہتی میں ہمارا یقین ہے ۔ چند لوگ ایسے بھی ہیں جو اس کی مخالفت کرتے ہیں ، آئین ودستور کا احترام نہیں کرتے ، ملک میں دستور ہند کو نذر آتش کئے جانے کے افسوسناک واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔ انہوں نے اشاروں میں بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ دستور پر یقین نہیں رکھتے ۔ دستور کو بدلنے کی باتیں کرتے رہتے ہیں ۔ آپریشن کنول پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ کرپشن ، بدعنوانی کے ذریعہ بی جے پی نے ملک کولوٹا ہے ۔ بی جے پی والوں میں پیسوں کا نشہ سر چڑھ کر بول رہا ہے ۔ دولت کے نشہ میں وہ مست ہیں ، یہی وجہ ہے کہ وہ رشوت وکرپشن سے حاصل رقم کو آپریشن کنول کے لئے استعمال میں لا رہے ہیں۔ریاستی بی جے پی یونٹ فون کال کے ذریعہ کانگریسی اراکین اسمبلی کو لالچ دے رہے ہیں ۔ تحفہ تحائف کے نام پر موٹی رقم کالالچ دے رہے ہیں۔ ریاست میں آپریشن کنول کی کوشش ناکام ہوگئی ہے ۔ اس کے باوجود بار بار پیسوں کا لالچ دیاجارہا ہے ۔ ایسی حرکتوں سے بی جے پی کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگی۔ نامہ نگاروں کے سوال پر سدارامیا نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سدگنگا شیو کمار سوامی کو بھارت رتن فراہم کئے جانے کے سلسلہ میں ریاستی بی جے پی قائدین نے دلچسپی سے کوشش نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم بر سر اقتدار تھے اس وقت شیو کمار سوامی کو بھارت رتن سے نوازے جانے کی سفارش مرکزی حکومت سے کی گئی تھی ۔ لیکن مرکز نے دلچسپی نہیں دکھائی اور معاملہ کھٹائی میں پڑگیا ۔ ریاستی بی جے پی یونٹ کے صدر بی ایس ایڈی یورپا ودیگر بی جے پی لیڈر ،سوامی کو بھارت رتن دلانے کیلئے مرکز پر دباؤ ڈالنے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ سوامی جی کا جب انتقال ہوا تو اس وقت بی جے پی لیڈر دن بھر سوامی کے جسد خاکی کے پاس بیٹھے رہے ، لیکن کچھ نہیں کرپائے ۔انہوں نے کہا کہ شیو کمار سوامی کو ایوارڈ دیا جاتا تو بھارت رتن کی قدر میں اضافہ ہوتا ۔ مجھے معلوم نہیں کہ مرکزی حکومت نے ایسا کیوں کیا ؟ اس موقع پر سدارامیا نے کہا کہ سابق صدر جمہوریہ ہند پرنب مکھر جی کو بھارت رتن سے سرفراز کرنا خوش آئند ہے ۔