Authorities and Leaders in Bhatkal Appeal for Calm as Section 144 Is Imposed
08:43AM Mon 25 May, 2026
بھٹکل: 25مئی،2025 (بھٹکلیس نیوز بیورو) نیشنل ہائی وے 66 کے قریب واقع مورین کٹے (Murin Katte) ڈھانچے کو لے کر پیدا شدہ کشیدگی کے بعد بھٹکل میں حالات حساس بنے ہوئے ہیں، جس کے پیشِ نظر مختلف سماجی و سیاسی ذمہ داران نے عوام سے امن و امان برقرار رکھنے اور افواہوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔
مجلسِ اصلاح و تنظیم کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے بھٹکل کے تمام شہریوں، خصوصاً مسلم نوجوانوں سے پرزور اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کا شکار نہ ہوں اور متنازعہ مقام کے اطراف بلا ضرورت جمع ہونے یا گشت کرنے سے مکمل اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ بعض نوجوانوں کو وہاں غیر ضروری طور پر گھومتے دیکھا گیا ہے، جس سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ تنظیم اس پورے معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں ضلعی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (SP) سے مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں اور اشتعال انگیز پیغامات سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی شکایت یا مسئلہ ہو تو لوگ براہِ راست تنظیم کے ذمہ داران سے رجوع کریں، نہ کہ واٹس ایپ یا دیگر پلیٹ فارمز پر بحث و مباحثہ کریں۔
دوسری جانب مقامی ایم ایل اے اور ضلع کے وزیر انچارج منکال ویدیا نے بھی عوام سے بھائی چارہ اور امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکمل حقائق سامنے آنے سے قبل اس حساس معاملے پر کوئی غیر ذمہ دارانہ بیان نہیں دینا چاہتے اور ان کی اولین ترجیح مسئلے کو قانونی اور منصفانہ انداز میں حل کرنا ہے۔
منکال ویدیا نے واضح کیا کہ اگر اس معاملے میں کسی افسر یا اہلکار کی کوتاہی ثابت ہوئی تو متعلقہ محکمہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی دوٹوک انداز میں کہا کہ اگر کسی بھی فرد، خواہ وہ مسلم ہو یا ہندو، کی غلطی سامنے آئی تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ان کے مطابق “جس نے بھی غلطی کی ہے، اس کے خلاف کارروائی ضرور ہوگی۔”
واضح رہے کہ مورین کٹے معاملے کے بعد بھٹکل میں امن کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس انتظامیہ نے حساس علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ حکام اور رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور شہر کے امن و سکون کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا تعاون کریں۔
کسی بھی قسم کی کشیدگی سے بچنے کے لیے بھٹکل میں آج بروز پیر صبح سے بروز بدھ صبح تک دفعہ144کے تحت امتناعی احکامات نافذ کیے گئے ہیں۔