چھ بوگیوں کی نما میٹرو ریل کو وزیراعلیٰ نے ہری جھنڈی دکھائی
01:34PM Sat 23 Jun, 2018
بنگلورو۔23؍ جون (سالارنیوز) ریاستی وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے کہاکہ دارالحکومت بنگلور کے آٹھوں سمت پہنچنے والی نما میٹرو کے چار مرحلوں پر مشتمل منصوبہ کے لئے بلو پرنٹ (نیلا نقشہ) تیار کرلیا گیا ہے ۔نما میٹرو پراجیکٹ کے تحت 6بوگیوں کی میٹرو ریل سرویس کو بیپنہلی میٹرو اسٹیشن میں ہری جھنڈی دکھانے کے بعد اسی ریل میں میجسٹک میٹرو ریل اسٹیشن تک سفر کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایاکہ 2006 کے دوران جب وہ وزیراعلیٰ بنے تھے اس وقت انہوں نے نمامیٹرو کے تعمیری کاموں کے لئے سنگ بنیاد رکھاتھا۔ سابقہ کانگریس حکومت نے شہر کی مجموعی ترقی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے نما میٹرو سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کو انجام دیاتھا۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ جنتادل (سکیولر) کانگریس مخلوط حکومت بھی نما میٹرو پراجیکٹ کے ترقیاتی کاموں پر زور دینے کے علاوہ شہر کی مجموعی ترقی کو اولین ترجیح دے گی۔ انہوں نے کہاکہ میٹرو سکینڈ اسٹیج کے تعمیری کام مکمل ہونے کے بعد تقریباً 20لاکھ افراد میٹرو کا استعمال کرسکتے ہیں جس سے شہر میں ٹریفک اژدھام پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ نائب وزیراعلیٰ و بنگلور ترقیات وزیر ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا کہ شہر کافی تیزی کے ساتھ بڑھنے لگا ہے ۔ترقی یافتہ شہروں کی فہرست میں بنگلور شہر شامل ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ میٹرو ریل سرویس شہریوں کو کم وقت میں اپنی منزلوں تک پہنچانے میں کافی اہم کردار نبھا رہی ہے ۔ شہریان بھی اس سرویس سے کافی خوش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں شہر کو مزید بڑھنے سے روکا جانا چاہئے ۔شہر کے اطراف و اکناف سیٹلائٹ ٹاؤن تعمیر کرکے میٹرو سب اربن ریل سرویس کو جوڑتے ہوئے شہر کی ترقی میں اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ نما میٹرو فرسٹ فیز میں ہر دن سواتین لاکھ افراد سفر کررہے ہیں ۔72کلومیٹر طویل سکینڈ فیز کے میٹرو ریل کے تعمیری کام مکمل ہونے پر ہر دن 20لاکھ افراد سفر کرنے کا موقع ملے گا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری، ریاستی وزیر کے جے جارج، ریاستی چیف سکریٹری کے رتنا پربھا کے علاوہ بی ایم آر سی ایل کے افسران موجود تھے۔ بیپنہلی تا نائینڈہلی 6بوگیوں والی نما میٹرو ریل میں ہر وقت 2ہزار مسافروں کو سفر کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے ۔ ریل کے آگے کی بوگی خواتین کے لئے مختص رکھی گئی ہے۔اگلے ایک سال کے اندر تمام میٹرو ریل گاڑیوں کو 6بوگیوں سے جوڑا جائے گا۔