رکن اسمبلی کی سیٹ سے کوئی مستعفی نہیں ہوگا: سدارامیا

01:32PM Tue 25 Dec, 2018

جمکھنڈی۔25دسمبر( سالار نیوز) ریاستی مخلوط حکومت کی تال میل کمیٹی کے صدر سابق وزیراعلیٰ سدارامیا نے وضاحت کی ہے کہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے کوئی بھی استعفیٰ نہیں دے گا ۔ پارٹی میں عدم اطمینان نہیں ہے ۔ ناراضی بھی نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ رمیش جارکی ہولی کی کانگریس چھوڑ نے کی خبر ایک افواہ ہے ۔باگل کوٹ کے جمکھنڈی میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک ڈوبتا ہوا جہاز ہے ۔ ایسے جہاز میں کوئی سوارہونا نہیں چاہے گا۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد کابینہ میں پھر ردو بدل ہوگی۔ وزراء کے کام کی قابلیت ،پروگرامو ں کو جاری کرنا، پارٹی کی مضبوطی ان تمام کودیکھ کر لوک سبھا انتخابات کے بعد وزارت میں ردو بدل ہوگی ۔ اس طرح انہوں نے وزارت کی امید رکھنے والوں کو نئی آس دلائی ہے ۔ کل وزارت کے عہدہ کا حلف لینے والے ایم ٹی بی ناگراج نے ایک بیان دے کر کہا تھا کہ ان کے عہدے کی میعاد صرف20ماہ کی ہے ۔ اب سدارامیا کے بیان نے اس کی توثیق کی ہے ۔ وزارت سے ہٹائے گئے رمیش جارکی ہولی کے آڈیو کے تعلق سے انہوں نے لا علمی کااظہار کیا ۔سدارامیا نے کہا جہاں تک مجھے معلوم ہے وہ کانگریس پارٹی نہیں چھوڑیں گے ۔ انہیں وزارت سے محروم کرنے کانگریس کے چار سینئر لیڈروں کے خلاف رام لنگا ریڈی کی تنقید پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ انہیں وزارت نہ ملنے میں کانگریس کے چار یا دس لیڈروں کا بھی ہاتھ نہیں ہے۔ سب کچھ فیصلے کے مطابق ہوا ہے ۔سینئر لیڈر کے طورپروزارت کی خواہش کرنا ایک عام بات ہے۔ اس طرح ہر سینئر کو وزیر بنانا ممکن نہیں ہے ۔ وزارت نہ ملنے والے تمام افراد سے گفتگو کرکے مسئلہ حل کیا جائے گا۔