شہزادی ڈائنا کی موت کے متعلق از سر نو انکوائری کا فیصلہ

02:42AM Mon 19 Aug, 2013

شہزادی ڈائنا کی موت کے متعلق از سر نو انکوائری کا فیصلہ لندن، 18 اگست(يو اين آئى) برطانيہ کى ميٹروپوليٹن پوليس نے برطانوى شہزادى ڈائنا اور ان کے دوست ڈوڈى الفائد کى1997 ميں ايک کار حادثہ ميں ہوئى موت کے متعلق حقائق کى از سر نو انکوائرى کرنے کا فيصلہ کيا ہے۔لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے آج کہا کہ انہيں 1997 میں شہزادی ڈائنا اور ان کے ساتھی ڈوڈی الفائد کی ہلاکت کے بارے میں نئے سراغ ملے ہيں اور وہ موصول ہونے والی نئی معلومات کا جائزہ لے رہے ہیں۔لندن پولیس کے مطابق وہ نئی معلومات کی صحت اور اہمیت کا جائزہ لے رہے ہیں۔ تاہم پولیس نے واضح کیا کہ نئی معلومات کا جائزہ لینے کا مطلب یہ نہیں کہ شہزاردی ڈائنا کی ہلاکت کی تحقیقات کو دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ 31 اگست 1997 کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شہزادی ڈیانا اور ڈوڈی الفائد کار حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ ڈوڈى الفائد کے والد محمد الفائد ايک عرصے سے اس کار حادثہ کو قتل قرار ديتے رہے ہيں او رمسلسل کہتے رہے ہيں کہ ان دونوں کا قتل کيا گيا تھا۔پوليس ترجمان نے کہا کہ وہ اس معاملے ميں قتل کے الزامات کى تفتيش کرے گى۔ شاہى خاندان نے اس تازہ پيش رفت پر کوئى تبصرہ نہيں کيا ہے۔یاد رہے کہ سنہ 2008 میں لندن کی ایک عدالت نے شہزادی ڈیانا کی ہلاکت کی دس سال بعد تفتیش کے بارے میں فیصلہ سناتے ہوئے اسے خلاف قانون‘ ہلاکت قرار دیا ہے اور کہا کہ اس کے ذمہ دارگاڑی کا ڈرائیور اورگاڑی کا پیچھا کرنے والے فوٹوگرافر تھے۔عدالت نے یہ بھی کہا کہ شہزادی ڈائنا اور ان کے قریبی ساتھی ڈوڈی الفائد نے گاڑی میں اپنے حفاظتی بند نہیں لگائے ہوئے تھے اور یہ بھی ان کی ہلاکت کا سبب بنا۔برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کی سابق اہلیہ شہزادی ڈائنا کى مرسيڈيز کا ر اس وقت حادثے کا شکار ہوئی تھى جب وہ ڈوڈی الفائد کے ساتھ رِٹز ہوٹل سے روانہ ہوئی تھیں اور درجنوں فوٹوگرافرز نے ان کی گاڑی کا پیچھا کیا تھا۔موت کے وقت ڈائنا کى عمر صرف36 برس تھى۔گاڑی مسٹر الفائد کے ڈرائیور ہنری پال چلا رہے تھے جنہوں نے قانونی مقدار سے کہیں زیادہ شراب پی رکھی تھی اور جس کے بارے میں عدالتی تحقیق نے اتفاق کر لیا ہے کہ وہ نشے کی حالت میں تھے۔ شہزادہ چارلز اور شہزادی ڈیانا کی شادی 29 جولائی 1981 کو ہوئی تھی۔ ایک سال بعد ہی شہزادہ ولیم اور اس کے دو سال بعد شہزادہ ہیری کی ولادت ہوئی۔ کچھ عرصے کے بعد ہی میاں بیوی میں اختلافات پیدا ہونے شروع ہو گئے اور 1993 میں جوڑے میں علیحدگی ہو گئی اور ان کی شادی باقاعدہ طور پر 1996 میں ختم ہوئی۔شہزادہ چارلس نے اپنی دیرینہ دوست کمیلا پارکر باؤلز سے 2005 میں دوسری شادی کر لی۔