ونئے کمار ٹیم نے جانچ کی رپورٹ تیار کرلی بہت جلد رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کرنے کا فیصلہ

03:45PM Tue 25 Jul, 2017

بنگلور( بھٹکلیس نیوز): بنگلور کی پرپنا اگر اہار جیل میں ہوئی بدعنوانیوں کے لئے تشکیل کمیٹی نے اپنی جانچ مکمل کرلی ہے اور بہت جلد اپنی رپورٹ وزیر اعلیٰ سدارامیا کو پیش کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس کمیٹی کے سربراہ اور سابق آئی اے ایس افسر ونئے کمار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ٹیم نے صرف چار دنوں میں جانچ کا کام مکمل کرلیا ہے اور حکومت نے ایک ہفتہ کے اندر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا اور انہوں نے جانچ کا کام شروع کرنے سے قبل جیل کا دورہ کرکے وہاں کے تمام افسران قیدیوں اور تمام جیل وارڈانوں سے بھی پوچھ تاچھ کی گئی۔ اس سلسلہ میں تمام لوگوں کے بیانات کی ویڈیو ریکارڈنگ کی گئی۔ کئی ضروری دستاویزات اور فائلوں کو قبضہ میں لیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ یہ سچ ہے کہ جیل میں کئی بدعنوانیاں ہوتی ہیں۔رشوت لیکر اے آئی ڈی ایم کے کی جنرل سکریٹری وی کے ششی کلا نٹراجن اور جعلی اسٹامپ کاغذات گھوٹالہ کے اہم ملزم کریم لالہ تیلگی کو شاہی مہمان نوازی کی گئی تھی اور اس کے علاوہ دونوں کو کئی خصوصی سہولیات فراہم کی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ جیل کے اندر تمام قیدیوں کو سگریٹ، منشیات اور دیگر ضروری چیزوں کی فراہمی ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ جیل کے اندر لگائے گئے کئی سی سی ٹی وی کیمروں کو بند کردیا گیا تھا۔وہ کمیٹی کے دیگر ممبران کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے اس معاملہ کی مزید جانچ کی ذمہ داری سی آئی ڈی کو سونپنے کی سفارش کریں گے۔