ٹائمز آف انڈیا کی عمارت میں لگی آگ، کوئی جانی نقصان نہیں

01:14PM Mon 27 Feb, 2017

نئی دہلی،(بھٹکلیس نیوز)دہلی میں آئی ٹی او کے پاس ٹائمز آف انڈیا کی بلڈنگ میں اتوار کی شام قریب پونے پانچ بجے شدید آگ لگ گئی۔ آگ پہلی منزل سے شروع ہوئی اور جلد ہی اس نے عمارت کی چاروں منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک افسر نے کہا کہ شام قریب پونے پانچ بجے آگ کی لپٹیں دیکھی گئیں، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں موقع پر بھیجی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں فائر کی 22 اور گاڑیوں کو تعینات کیا گیا۔ کئی گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ بہادر شاہ ظفر مارگ واقع پانچ منزلہ عمارت کی پہلی منزل پر سرور روم سے آگ بھڑکی۔انہوں نے کہا کہ وہاں موجود لوگ وقت رہتے عمارت سے باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے کہ کولنگ سسٹم میں کچھ خرابی ہوئی ہوگی ، جس کی وجہ سے وہاں اضافی گرمی بڑھی۔ شک ہے کہ اسی وجہ سے آگ لگی اور تیزی سے پہلی منزل پر پھیل گئی۔ گزشتہ سال مئی میں بھی اس عمارت کی سب سے بالا منزل کے ایک حصے میں آگ لگ گئی تھی۔