آئی اے ایس آفیسر کی موت سے متعلق سی آئی ڈی کی رپورٹ پیر کو :وزیراعلیٰ

12:46PM Sun 22 Mar, 2015

بھٹکلیس نیوز/22 مارچ،15

بنگلور،21مارچ (ایجنسی) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدا رمیا نے آج کہا کہ آئی اے ایس آفیسر ڈی کے روی کی موت کی چھان بین کرنے والی سی آئی ڈی کی عبوری رپورٹ پیر کے روز قانون ساز کونسل میں پیش کردی جائے گی۔ یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی چیز پر پردہ ڈالنے یا کسی شخص کو بچانے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ حکومت پوری شفافیت سے کام کررہی ہے اور عبوری رپورٹ 23 مارچ کو پیش کردی جائے گی۔ مسٹر سدارمیا نے کہا کہ انہوں نے مسٹر روی کے والدین سے وعدہ کیا تھا کہ دو دن سی آئی ڈی کی رپورٹ منظرعام پر آجائے گی ۔ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس معاملے کی ساری تفصیلات کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی کو فراہم کی تھیں اور انہوں نے انہیں اس معاملے کی چھان بین سی بی آئی کے سپرد کرنے کی ہدایت نہیں دی تھی جیسا کہ میڈیا کے بعض حلقوں میں کہا جارہا ہے ۔ اپوزیشن پارٹی کے ان الزامات کے بارے میں کہ آدھی رات کو ایک خاتون آفیسر سے پوچھ گچھ کی گئی ، مسٹرسدا رمیا نے کہا کہ یہ سب جنتا دل سیکولر کے رہنما ایچ ڈی کمارسوامی کے من گھڑنت بیانات ہیں جو اول روز سے معاملے کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں اور میرے خلاف اس طرح کے بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں کہ میں پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ردوبدل کرانے کے لئے اسپتال گیا تھا۔

 

ع،ح،خ