آدھار نہ ہونے پر اسکول میں داخلہ دینے سے منع نہیں کر سکتے: یو آئی ڈی اے آئی
03:00PM Thu 6 Sep, 2018
نئی دہلی،6ستمبر(ایجنسی): یو آئی ڈی اے آئی نے کہا کہ اسکول آدھار کارڈ نہ ہونے پر بچوں کو داخلہ دینے سے انکار نہیں کر سکتے ہیں اور ایسا کرنا غیر قانونی قرار دیا جائے گا۔ یو آئی ڈی اے آئی نے اسکولوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مقامی بینکوں ، پوسٹ آفس، ریاستی تعلیمی محکمہ اور ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر اپنے کیمپس میں بچوں کا آدھار کارڈ بنوانے اور اس کو اپ ڈیٹ کرانے کے لئے اسپیشل کیمپ لگائیں۔یو آئی ڈی اے آئی نے کہا ،’ یہ یقینی بنایا جانا چاہیے کہ آدھار کارڈ کی وجہ سے کسی بھی بچے کو فائدے اور اس کے حقوق سے محروم نہ کیا جائے۔’ یو آئی ڈی اے آئی نے اس کے ساتھ ہی خبردار کیا ہے کہ اگر بچوں کو آدھار کے بغیر داخلہ دینے سے منع کیا جاتا ہے تو وہ غیر قانونی ہوگا اور ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ یو آئی ڈی اے آئی کا یہ قدم طلبہ اور ان بچوں کے والدین کے لیے بڑی راحت ہے، جن کے پاس آدھار نمبر نہیں ہے۔ یو آئی ڈی اے آئی نے کہا،’ جب تک ایسے طلبہ کے لئے آدھار نمبر جاری نہیں ہو جاتا اور بایو میٹرک کو اپ ڈیٹ نہیں کر دیا جاتا تب تک ان کو سبھی سہولتیں شناخت کے دوسرے ذرائع سے مہیا کرائی جائیں۔’غور طلب ہے کہ گزشتہ کچھ سالوں میں ملک کے مختلف حصوں سے ایسی خبریں آتی رہی ہیں کہ آدھار کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کو داخلہ نہیں ملا۔