دہلی تشدد کو لے کر اعلی سطحی میٹنگ ، وزیر اعلی کیجریوال نے کہا : ضرورت پڑی تو فوج بھی کی جاسکتی ہے طلب
03:39PM Tue 25 Feb, 2020
شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے سلسلے میں دارالحکومت کے کچھ حصوں خصوصاً شمال مشرقی دہلی میں بڑے پیمانے پر تشدد کے پیش نظر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو اعلی سطحی میٹنگ بلائی اور حالات کا جائزہ لےکر فسادیوں سے نمٹنے کےلئے مناسب سکیورٹی فورس مہیا کرانے کا بھروسہ دلایا ہے۔

میٹنگ میں لیفٹننٹ گورنر انل بیجل، وزیراعلی اروند کیجریوال ، دہلی اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر رام ویر سنگھ ویدھوڑی، شمال مشرقی دہلی سے رکن پارلیمنٹ منوج تیواری، کانگریس لیڈر سبھاش چوپڑا، دہلی پولیس کمشنر امولئے پٹنائک اور دیگر سیاسی پارٹیوں کےلیڈر موجود تھے۔ تصویر : پی ٹی آئی ۔

وزیر اعلی کیجریوال نے میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں مسٹر شاہ کی میٹنگ کو اچھا قدم بتاتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی چاہتا ہے کہ دارالحکومت میں تشدد رکے۔ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سبھی سیاسی پارٹیاں دہلی میں امن بحال کرنے میں تعاون کریں ۔ تصویر : پی ٹی آئی ۔

شمال مشرقی دہلی میں پچھلے دو دن سے جاری تشدد میں پولیس ہیڈ کانسٹیبل رتن لال سمیت سات لوگوں کی موت کی رپورٹ ہے ۔ شاہدرا کے پولیس ڈپٹی کمشنر امت شرما شدید طورپر زخمی ہوئےہیں اور ان کا آئی پی ایکسٹینشن میں واقع میکس اسپتال میں آپریشن کیا گیا ہے۔ ان کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔ تشدد میں بڑی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں اور جائیداد کوبڑا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ تصویر : پی ٹی آئی ۔

فسادیوں سے نمٹنے کیلئے کیا فوج کو بلانے کی درخواست کی گئی ہے ، وزیر اعلی کیجریوال نے کہا کہ اگر اس کی ضرورت پڑے گی تو دیکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال پولیس کارروائی کررہی ہے ۔ امت شاہ کے ساتھ میٹنگ میں یہ یقین دہائی کی گئی ہے کہ مناسب تعداد میں متاثرہ علاقوں میں پولیس فورس تعینات کی جائے گی ۔ تصویر : پی ٹی آئی ۔

اس سے پہلے مسٹر کیجریوال نے شمال مشرقی دہلی اور دیگر متاثرہ علاقوں کے ارکان اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کی تھی ۔ میٹنگ کے بعد انہوں نے پولیس فورس مناسب تعداد میں نہ ہونے اور تشدد پھیلانے کیلئے سرحدی ریاستوں سے فسادیوں کے آنے کی بات کہی تھی ۔ تصویر : پی ٹی آئی ۔