سوڈان اور بحرین نے ایران کا سفارتی بائیکاٹ کر دیا

04:25PM Mon 4 Jan, 2016

بحرین،4جنوری(ایجنسی) بحرین حکومت نے ایران سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایرانی سفارتی مشن کے عملے کو 48 گھنٹوں کے اندر بحرین سے نکل جانے کا کہا ہے۔ منامہ نے تہران میں اپنا سفارتخانہ بند کرتے ہوئے عملے کو واپس بلا لیا ہے۔ بحرین وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق منامہ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے لئے ضروری اقدامات کا سلسلہ شروع کرنے والا ہے۔ کابینہ کی ہدایت پر منامہ میں بحرینی ناظم الامور کو طلب کر کے انہیں ملک چھوڑنے کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ درایں اثناء سوڈانی ایوان صدر سے پیر کے روز جاری ہونے والے بیان میں خرطوم میں ایرانی سفیر کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سوڈان نے یہ فیصلہ ایران میں سعودی سفارتخانے پر حملے کے بعد بطور احتجاج کیا ہے جس کا مقصد ریاض سے اس مشکل گھڑی میں اظہار ہمدردی ہے۔ ادھر متحدہ عرب امارات نے بھی ایران میں اپنی سفارتی نمائندگی کا درجہ کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی "وام" کے مطابق یو اے ای نے تہران میں اپنے سفارتی عملے میں کمی کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب اماراتی سفیر کے بجائے ناظم الامور ہی سفارتی فرائض سرانجام دیں گے۔