AIR INDIA CANCELS ALL FLIGHTS TO RIYADH, DAMMAM AND JEDDAH UNTIL OCTOBER 20, 2026
06:59PM Fri 16 Oct, 2026
ایران جنگ خطرناک موڑ پر پہنچ چکی ہے۔ آبنائے ہرمز سے لے کر باب المندب تک تباہی کا عالم ہے۔ مغربی ایشیا سے دیگر ممالک تک تیل اور گیس کے ساتھ ساتھ دوسری ضروری اشیا کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ دوسری جانب حوثیوں نے سعودی عرب کا جینا محال کر دیا ہے۔ سعودی عرب کے اہم بنیادی ڈھانچے پر مسلسل حملے کیے جا رہے ہیں۔ یہاں تک کہ بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بھی نہیں بخشا گیا۔ اس سے حالات انتہائی حساس ہو چکے ہیں۔ سیکورٹی کی موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے ملک کی اہم ایئرلائن ایئر انڈیا نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ ایئر انڈیا نے سعودی عرب جانے والی اپنی تمام پروازیں 20 اکتوبر 2026 تک منسوخ کر دی ہیں۔
خطے میں بدلتے ہوئے سیکورٹی حالات کے پیش نظر ہندوستانی ایئرلائنز ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے سعودی عرب کے کئی بڑے شہروں کے لیے آنے اور جانے والی پروازوں کی معطلی میں 20 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔ دونوں ایئرلائنز نے جمعہ کو ایکس پر سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے اس کی اطلاع دی۔ اس فیصلے کے باعث سعودی عرب جانے یا وہاں سے ہندوستان واپس آنے کا منصوبہ بنا رہے مسافروں کو اپنے سفر میں تبدیلی کرنا پڑ سکتی ہے۔
ایئر انڈیا نے کہا کہ سعودی عرب کے بدلتے حالات کو دیکھتے ہوئے ریاض، دمام اور جدہ سے آنے اور جانے والی اس کی تمام پروازیں 20 اکتوبر 2026 تک منسوخ رہیں گی۔ کمپنی نے متاثرہ مسافروں کو ٹکٹ کی پوری رقم واپس کرنے کی پیش کش کی ہے۔ ایئرلائن نے کہا کہ مسافروں اور عملے کے ارکان کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔