آل انڈیا ملی کونسل کی مرکزی  مجلس عاملہ کا اجلاس؛ اجلاس میں گئو کشی، بابری مسجد، اے ایم یو اور یکساں سول کوڈ جیسے مسائل پر تبادلہ خیال

02:28PM Sun 28 Aug, 2016

بھٹکلیس نیوز / 28 اگست، 16

گلبرگہ / (راست) آل انڈیا ملی کونسل کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہفتہ کے روز گلبرگہ کے ہوٹل گرانڈ میں منعقد ہوا۔ جو کہ چار نشستوں پر مشتمل تھا پہلی نشست ملی کونسل کی مجلس عاملہ کے لئے خاص تھی جبکہ دوپہر کے بعد اخباری نمائندوں کے ساتھ ملاقات رکھی گئی تھی،تیسرے پروگرام میں مسلم کمیونٹی کے چنند ہ لوگوں کو دعوت دی گئی تھی جو کہ عصر بعد منعقد ہوا،چوتھا اور آخری پروگرام ہفت گنبد میدان میں عام اجلاس کی شکل میں منعقد ہوا جس میں ملک کے بگڑتے ہوئے حالات میں مسلمانوں کی ذمہ داریوں کے عنوان پر مفکرین و دانشوران نے خطاب کیا۔ اس اجلاس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام موجود تھے۔ اس  اجلاس میں یوپی الیکشن کا موضوع سرفہرست رہا۔ اجلاس میں جہاں یوپی انتخابات کے تعلق سے حکمت عملی بنانے کیلئے ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا وہیں قومی سطح پر مسلمانوں کے ایک سیاسی پریشر گروپ کی تشکیل دینے کی ضرورت بھی زور دیا گیا،علاوہ ازیں اقلیتوں پر ظلم کرنے والے قصورواروں کے خلاف کارروائی کا حکومت سے مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں گئو کشی، بابری مسجد، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، بے قصور مسلم نوجوانوں کی گرفتاریاں، یکساں سول کوڈ، شریعت سے متصادم ہوتے عدالتی فیصلے، نئی قومی تعلیمی پالیسی، سوریہ نمسکار، جیسے کئی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملی رہنمائوں نے دستور سے چھیڑ چھار کو ملک کے لئے نقصان دہ قرار دیا اور موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے ملی اتحاد کے ساتھ ساتھ ہم خیال وسیکولر برادران وطن کو بھی ساتھ لینے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ رہنمائوں نے اس پر بھی زور دیا کہ یوپی اسمبلی انتخابات کے تعلق سے ڈرائنگ روم پلان بنانے کی بجائے زمینی سطح پر ا تر کر کام کیا جانا چاہئے۔ قابل ذکر ہے کہ کرناٹک میں دوسری مرتبہ اور گلبرگہ میں پہلی مرتبہ آل انڈیا ملی کونسل کی مرکزی عاملہ کا اجلاس ہوا ۔سابق وزیر اور گلبر گہ کے ایم ایل اے قمر الاسلام اس اجلاس کے میزبان تھے۔