ممبئی: عمارت منہدم ہونے سے ستائیس افراد ہلاک
12:53PM Fri 5 Apr, 2013
بھارت کے تجارتی شہر ممبئی میں پولیس کے مطابق ایک غیر قانونی رہائشی عمارت گرنے کے نتیجے میں کم از کم ستائیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اب بھی متاثرہ عمارت کے ملبے تلے متعدد افراد دبے ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سات منزلہ عمارت غیر قانونی طور پر تعمیر کی جا رہی تھی اور اس کی چار منزلیں زیر استعمال تھیں۔
ایک پولیس اہلکار نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ جمعرات کی شام کو عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوا اور اس کے نتیجے میں عمارت کا پورا ڈھانچہ زمین بوس ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں نو بچے بھی شامل ہیں۔امدادی کارروائیاں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سے جاری ہیں۔
پولیس انسپکٹر ڈگمبر جنگال کے مطابق اس واقعے میں کم از کم 54 افراد زخمی ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد میں سے زیادہ تر مزدور تھے جو اس عمارت میں رہائش پذیر تھے۔
ایک عینی شاہد رام لال نے بتایا کہ’ عمارت پہلے ایک طرف کو جھکی اور اس کے فوری بعد منہدم ہو گی، عمارت تاش کے پتوں کی طرح تین سے چار سیکنڈ میں زمین بوس ہو گئی‘۔
بھارت میں ناقص تعمیراتی سامان اور طریقۂ کار کی وجہ سے عمارتیں گرنے کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔
