لاک ڈاؤن اور پابندیاں ختم ہونے تک رمضان میں تراویح سمیت تمام نمازیں گھروں میں ادا کریں: بھٹکل کے قاضی صاحبان کی طرف سے ہدایات جاری

11:17AM Mon 20 Apr, 2020

بھٹکل: 20 اپریل،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ملک میں چل رہے کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے گزشتہ روز وزیر اعظم نریندر مودی نے لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کرتے ہوئے اس کو 3 مئی تک کے لیے بڑھا دیا تھا۔ ایسے میں اب دو چار دن بعد رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ شروع ہونے کو ہے۔ اس تعلق سے آج بھٹکل کے مجلس اصلاح و تنظیم میں قاضی صاحبان اور ذمہ داران کی ایک نشست منعقد ہوئی۔ اس نشست کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے چیف قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے بتایا کہ جس طرح سے ان دنوں میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے مسجد میں بھیڑ اکٹھا کرنے سے منع کیا گیا اور گھروں میں نمازیں ادا کرنے کو کہا گیا ہے اسی طرح رمضان المبارک میں بھی لاک ڈاؤن کے ختم ہونے تک فرض نمازوں کے ساتھ ساتھ جمعہ اور تراویح کی نماز کو بھی گھر میں ہی ادا کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ مولانا محترم نے اس فیصلہ پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ کسی بھی طرح سے ان احکامات کی خلاف ورزی نہ ہونے پائے۔ مولانا محترم نے عورتوں سے بھی کہا کہ وہ اپنے اڑوس پڑوس میں جاکر تراویح نہ پڑھیں بلکہ دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھر میں ہی تراویح کی نماز ادا کریں۔ مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی صاحب نے رمضان المبارک میں خصوصی طور پر اللہ سے رجوع ہونے اپنے گناہوں سے توبہ کرنے اور اس بلا و مصیبت سے چھٹکارہ پانے کے لیے دعاؤں کی درخواست کی۔