دہلی میں وزارتوں کی تقسیم ، وزیر اعلی کیجریوال نے چھوڑے سبھی محکمے ، جانئے کس کو کیا ملا

04:06PM Mon 17 Feb, 2020

دہلی کے مسلسل تیسری مرتبہ وزیراعلی بننے والے اروند کیجریوال نے اس مرتبہ اپنے پاس کوئی بھی وزارت نہیں رکھی ہے ۔ اروند کیجریوال سمیت پرانی کابینہ کے چھ دیگر وزراء منیش سسودیا ، ستیندر جین ، گوپال رائے ، کیلاش گہلوت ، عمران حسین اور راجندر پال گوتم کو اتوار کو لفٹننٹ گورنر نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا ۔ وزیراعلی سمیت دیگر سبھی وزرا نے آج دہلی سیکریٹریٹ پہنچ کر اپنے کام کی ذمہ داری سنبھال لی ۔ وزیراعلی نے اپنے پاس اس مرتبہ کوئی بھی وزارت نہیں رکھی ہے اور دہلی جل بورڈ (ڈی جےبی) کی ذمہ داری بھی ستیندر جین کے حوالے کردی ہے ۔ کچھ وزرا کے محکموں میں معمول تبدیلی کی گئی ہے ۔ نائب وزیراعلی سسودیا کے پاس خزانہ اور تعلیم جیسی اہم وزارتیں رہیں گی ۔ تاہم خواتین اور بچوں کی فلاح وبہبود کی وزارت ان سےلے کر گوتم کو دی گئی ہے۔ مسٹررائے کو وزارت ماحولیات دیا گیا ہے۔ پہلے یہ مسٹر گہلوٹ کے پاس تھا۔
اس کے علاوہ سبھی وزرا کے پاس پرانے سبھی وزارتوں کی ذمہ داریاں برقرار رہیں گی ۔ عام آدمی پارٹی نے اروند کیجریوال کی قیادت میں مسلسل تیسری مرتبہ دہلی اسمبلی انتخابات میں زبردست اکثریت حاصل کی ۔ عام آدمی پارٹی نے 70 میں سے 62 سیٹوں پر جیت حاصل کی ، جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو آٹھ اور کانگریس کو کوئی بھی سیٹ نہیں ملی ہے۔