ائیرسیل - میکسس کیس : ای ڈی نے سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کے خلاف داخل کی چارج شیٹ
01:07PM Thu 25 Oct, 2018
ایئرسیل میکسس معاملہ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اضافی چارج شیٹ داخل کی ہے۔ پٹیالہ ہاوس کورٹ میں داخل کی گئی اس چارج شیٹ میں سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کو پہلا ملزم بنایا گیا ہے۔ چارج شیٹ میں چدمبرم پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طریقہ سے ایف آئی پی بی کو منظوری دی ۔
چدمبرم کے علاوہ دیگر نو افراد کے نام بھی چارج شیٹ میں شامل ہیں ۔ ایس بھاسکر رمن ، ایس شری نیواسن ، میکسس کی چار کمپنیاں اور ایئر سیل ٹیلی وینچرس کو ملزم بنایا گیا ہے ۔ اس معاملہ میں عدالت 26 نومبر کو اگلی سماعت کرے گی۔
یہ کیس فارن انویسٹمنٹ پروموشن بورڈ سے وابستہ ہے۔ سال 2006 میں ائیرسیل - میکسس معاہدہ کو پی چدمبرم نے بطور وزیر خزانہ منظوری دی تھی۔ پی چدمبرم پر الزام ہے کہ ان کے پاس 600 کروڑ روپے تک کے پروجیکٹ تجاویز کو ہی منظوری دینے کا اختیار تھا ، اس سے بڑے پروجیکٹ کو منظوری دینے کیلئے اقتصادی معاملات کی کابینہ کمیٹی سے منظوری ضروری تھی ۔ ائیرسیل میکسس معاملہ 3500 کروڑ کی ایف ڈی آئی کی منظوری کا تھا ، اس کے باوجود چدمبرم نے اجازت کے بغیر ہی منظوری دیدی ۔