قومی راجدھانی دہلی سمیت ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے عید الاضحی

03:14PM Sat 2 Sep, 2017

بھٹکلیس نیوز / 02 ستمبر،2017 نئی دہلی / (ایجنسی) ہندوستان سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں آج عید قرباں کا تیوہار مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ دوگانے کی ادائیگی کے مطابق مسلمانوں نے حسب استطاعت سنتِ ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے راہ خدا میں جانوروں کی قربانی دی ۔قربانی کا یہ سلسلہ پیر تک جاری رہ سکتا ہے۔ دہلی، کلکتہ، ممبئی، لکھنو، پٹنہ، حیدر آباد، چینئی، بنگلورو اور مختلف ریاستی راجدھانیوں سمیت ملک کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے ہزاروں روح پرور اجتماعات منعقد کئے گئے جن میں ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، رواداری، قومی یکجہتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر جہاں پرامن ماحول میں عید منائی گئی وہیں جموں کشمیر میں نماز عید کے بعد پرتشدد مظاہرے کی خبریں ملی ہیں ۔ اور کہیں سے کسی ناخوشگوار واقعے کی کوئی اطلاع اب تک نہیں ملی۔ جموں و کشمیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق نماز عیدین کے اجتماعات کے بعد کوئی نصف درجن مقامات پر حریت پسندوں اور سیکورٹی فورسزکے مابین پرتشدد جھڑپیں ہوئیں جن میں متعدد افراد بشمول سیکورٹی فورس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ہندستان کے علاوہ پاکستان اور بنگلہ دیش میں بھی آج ہی بقرعید منائی جا رہی ہے۔ خلیجی ممالک بشمول سعودی عرب ، افغانستان،امریکہ اور برطانیہ میں کل عید قرباں منائی گئی تھی۔