بھٹکل اوراطراف  کے طلبہ کے لیے سائنسی وتحقیقی مقابلوں کا ہوگا انعقاد

03:41PM Wed 17 Jul, 2019

بھٹکل: 17 جولائی،2019 (پریس ریلیز) شہر بھٹکل کا معروف تعلیمی و فلاحی ادارہ تربیت اخوان(شمس اسکول) اے جے اکیڈمی فار ریسرچ اینڈ ڈیلوپمنٹ کے اشتراک سے15 دسمبر،2019  بروز اتوار کوبھٹکل، مرڈیشور، شیرور اور منکی کے سرکاری و غیر سرکاری اسکو لوں کیلئے سائنسی و تحقیقی مقابلہ جات کا اہتمام کرے گا۔اس ضمن میں اکیڈمی کے ڈائرکڑ محمد عبد اللہ جاوید صاحب اور ادارہ کے صدرمحمد اسماعیل محتشم صاحب اور نائب صدر نذیر قاضی صاحب کی زیر نگرانی اساتذہ اور انتظامیہ کی مشترکہ نشست میں سائنسی تحقیق کی اہمیت وضرورت‘اساتذہ اور انتظامیہ کا رول جیسے امور پر سیر حاصل گفتگو ہوئی اورسائنس فیر کے اہتمام کا فیصلہ لیا گیا۔ اس مقابلہ میں چوتھی سے دسویں تک کے طلبہ وطالبات مختلف سائنسی زمروں جیسے حیاتیاتی سائنس‘ طبعیاتی سائنس‘ ماحولیاتی سائنس اور سماجی سائنس میں اپنی تحقیق پیش کرسکتے ہیں جس کے لیےداخلہ مفت رہے گا۔ اخباری بیان کے مطابق ہر زمرے میں بہترین تحقیق پیش کرنے والے طلبہ کوسائنسدان کے اعزاز سے نوازاجائیگا جبکہ تمام شریک ہونے والے طلبہ‘ مددگار اساتذہ اور حصہ لینے والے اسکولوں کو سرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے۔اس مقابلہ میں شریک ہونے والے طلبہ کے بہترین تحقیقی پراجیکٹس کو قومی سطح پر منعقد ہونے والے سائنس فیر (National Science Fair)میں پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ مزید تفصیلات کیلئے  مقابلہ کے کوآرڈینٹررضا مانوی صاحب سے ان نمبر پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔98864 55416 منتظم اداروں نے یہ بھی طے کیا ہے کہ ان کی تمام خدمات غیرجانبدرانہ اور غیر تجارتی ہوں گی کیونکہ یہی وہ مروجہ غلط روایات ہیں جو موجودہ نظام تعلیم میں بدقسمتی سے در آئی ہیں۔