لبَّیک اللّهمّ لبَّیک کی روح پرور صداؤں کے ساتھ مناسک حج کا باقاعدہ آغاز ہو گیا
10:16AM Wed 30 Aug, 2017
جدہ۔ سعودی عرب میں آج 8 ذوالحجہ ہے جو کہ مناسک حج کا پہلا دن ہوتا ہے۔ لاکھوں عازمین احرام باندھ کر حج کی نیت کر کے تلبیہ کہتے ہوئے لاکھوں کی تعداد میں منیٰ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ یہاں وہ یوم ترویہ گزاریں گے۔ منیٰ میں ہی عازمین آج ظہر، عصر، مغرب اور عشا جب کہ کل فجر کی نماز ادا کریں گے۔ اس کے بعد عازمین عرفات کے لئے روانہ ہوں گے جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ہوگا۔
کل میدان عرفات میں نماز ظہر اور عصرایک ساتھ ادا کرنے اور مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے بعد عصر اور مغرب کے درمیان وقوف ہوگا جس میں حجاج کرام، اللہ رب العزت کے حضور ذکر و تسبیح کیساتھ خصوصی دعائیں کریں گے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق، سعودی حکام نے منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ بیس لاکھ سے زیادہ عازمین رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے پہنچے ہیں۔ اس موقع پر ریاست کے متعلقہ مختلف سکیورٹی اداروں کی جانب سے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں تا کہ عازمین حج کی سلامتی اور ان کی جانب سے سہولت کے ساتھ مناسک کی ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
سعودی حکومت نے دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر ایک لاکھ سے زائد اہلکاروں کو مختلف مقامات پر تعینات کیا ہے ۔
سعودی حکومت نے دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر ایک لاکھ سے زائد اہلکاروں کو مختلف مقامات پر تعینات کیا ہے ۔ اس کے علاوہ مسلسل فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔