اب گجرات میں معصوم بچوں کے بھگوا کرن کی تیاری ، نویں اور گیارہویں میں پڑھایا جائے گا آر ایس ایس کا ترانہ
05:20AM Fri 13 May, 2016
احمد آباد : مركز میں جب سے بی جے پی کی حکومت آئی ہے، تب سے کسی نہ کسی بہانے ملک میں آر ایس ایس کی اسکیموں کو نافذ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ راجستھان اور ہریانہ کے بعد اب گجرات میں بھی تعلیم کے بھگواکرن کی تیاری کی جارہی ہے۔ گجرات میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو اب آر ایس ایس کے گیت کی تعلیم دی جائے گی۔
گجرات ایجوکیشن بورڈ کی جانب سے چلنے والے اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے نویں اور گیارہویں جماعت کے طلبہ کو آرایس ایس کے کیمپوں میں گایا جانے والا گیت منوشیہ تو بڑا مہان ہے کی تعلیم دی جائے گی۔ ساتھ ہی بھارت ماتا کی جے کے بارے میں بھی طلبہ کو پڑھایا جائے گا۔
اس سلسلے میں گجرات کےوزیر تعلیم بھوپندر سنگھ چڈاسما نے کانگریس پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہمیشہ سے کسی اچھے کام کو کرنے سے روکتی آئی ہے ۔ اس گیت سے ہندوستان کی تہذیب بچوں کی سمجھ میں آئے گی ۔ اگر آرایس ایس کچھ اچھا کرتی ہے ، تو اس کے گیت کا استعمال کرنے میں کیا حرج ہے۔