بھٹکل میں بی جے پی کی پریورتن ریلی کا انعقاد؛ سابق وزیر اعلیٰ کی شرکت

04:08PM Tue 14 Nov, 2017

بھٹکلیس نیوز / 14 نومبر، 17 بھٹکل / (بھٹکلیس نیوز بیورو/ رضوان گنگاولی) بھارتی جنتا پارٹی کی طرف سے ریاستی سطح پر شروع کی گئی پریورتن ریلی صوموار کے روز بھٹکل پہنچی جس کے بعد بھٹکل ساگر روڈ پر واقع گرو سدھیندرا کالج میں عوامی اجلاس منعقد کیا گیا۔جس میں بی جے پی کے ریاستی صدر اور سابق وزیر اعلی مسٹر یڈی یورپا نے شرکت کی اور عوام سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں موجودہ حکومت کو سخت سست سناتے ہوئے اسے کرپٹ حکومت قرار دیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی کے خیموں میں بگاڑ آیا ہوا ہے اور اس کی حیثیت پوری طرح سے ٹوٹے گھر کی ہے۔ انہوں نے موجودہ وزیر اعلیٰ کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عوام کا ان پر سے اعتماد اٹھ چکا ہے جس کا نتیجہ انہیں آئندہ انتخابات میں دیکھنا پڑے گا۔ انہوں نے وہاں موجود حاضرین سے موجودہ حکومت کو سبق سکھا کر بی جے پی کا ساتھ دینے کی درخواست کی۔ یڈی یورپا نے اس موقع پر بھٹکل اور اس کے باشندوں پر  بھی کڑی تنقید کی اور اس کو دہشت گردی کا اڈہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ممبئی بلاسٹ کا آر ڈی ایکس بھی یہاں سے ہی بھیجا گیا تھا لیکن یہ کانگریس حکومت یہاں کے لوگوں کو چھوٹ دے ر ہی ہے اگر بی جے پی آئندہ آتی ہے تو یہاں لوگوں کو امن و سکون کے دن دیکھنے نصیب ہوں گے۔ انہوں نے ریاست کے بہت سارے مسائل کو گناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ان کاموں کو کرنے میں ناکام ہے جس کو آئندہ چل کر بی جے پی کرے گی۔ کابینی وزیر مسٹر آننت کمار نے بھی ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے اسے راون راج سے تعبیر کیا اور کہا کہ اس حکومت نے یہاں کی عوام کو ڈکیتی،دھوکہ دہی،کرپشن ،ہندؤوں کا قتل کے علاوہ کچھ نہیں دیا ہے ،ترقی کے کاموں میں یہ حکومت صفر ہے۔انہوں نے ذات پات کے نام پر پل رہی  اس حکومت کا صفایا کرنے کی عوام سے گزارش کی اور بی جے پی کو جتانے کی مانگ کی۔ اس موقع پر سرسی کے ایم ایل اے مسٹر وشویشور ہیگڈے کاگیری، بے جے پی لیڈر کمار بنگارپا،  ایم پی شری راملو نے بھی عوام سے خطاب کیا۔ اسٹیج پر بی جے پی کی چیف ریاستی سکریٹری شوبھا کرندلاجے، سابق وزیر شیوانند نائک، سابق وزیر ہرتال ہالپا،  تیجسونی رمیش، سری نیواس پجاری، سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک، سنیل نائک، گوند نائک، بھارتی شٹی، ایشور نائک اور دیگر  لوگ موجود تھے۔