فائنل کون کھیلے گا؟ برازیل یا جرمنی، فیصلہ آج

12:43PM Tue 8 Jul, 2014

بھٹکلیس نیوز/08، 14 برازیل آٹھویں مرتبہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچا ہے اور ان میں سے صرف ایک میں اسے شکست ہوئی ہے۔ برازیل کی ٹیم 2002 کے بعد پہلی بار فٹبال ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیل رہی ہے اور 12 برس قبل سیمی فائنل میں اس نے جرمنی ہی کو شکست دی تھی۔ جرمنی اور برازیل کی ٹیموں نے اگرچہ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ میچ کھیلے ہیں لیکن عالمی مقابلوں کے دوران آپس میں وہ صرف ایک بار ہی سامنے آئی ہیں اور یہ میچ 2002 کا سیمی فائنل تھا جس میں برازیل نے دو صفر سے فتح حاصل کی تھی۔ جرمنی کی ٹیم منگل کو ورلڈ کپ مقابلوں میں اپنا 12واں سیمی فائنل کھیل رہی ہے۔ گذشتہ 11 سیمی فائنلز میں سے اس نے چھ جیتے جبکہ پانچ میں اسے شکست ہوئی۔ جرمنی کی ٹیم لگاتار چار مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بنی ہے اور اس مرتبہ وہ فائنل میں جا کر ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے پرعزم دکھائی دیتی ہے۔ جرمنی کے موجودہ کوچ یوآخیم لوو 2006 کے ورلڈ کپ میں بطور اسسٹنٹ کوچ جرمنی کو سیمی فائنل میں شکست کھاتا دیکھ چکے ہیں اور اس مرتبہ وہ مختلف نتیجے کی توقع رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’سب جرمنوں کے لیے ایک بات یقینی ہے کہ ہم ماراکانا میں فائنل کھیلنے کے لیے بےچین ہیں۔ ہمارا سفر ابھی تمام نہیں ہوا ہے۔‘