ایم پی آننت کمار کا بھٹکل دورہ: بھٹکل میں ہورہی اموات کو لے کر ظاہر کی تشویش۔ ڈی سی کو اس سلسلہ میں کارروائی کا دیا حکم

04:19PM Wed 6 May, 2020

بھٹکل: 6 مئی،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں کورونا کا تازہ معاملہ سامنے آنے کے بعد اترکینرا ضلع کے ممبر پارلیمان آننت کمار ہیگڈے آج بھٹکل آئے ہوئے تھے انہوں نے اس موقع پر اخباری نمائندوں سے تو کچھ بات نہیں کی لیکن افسران کے ساتھ منعقد نشست میں انہوں نے کورونا کے تعلق سے بھٹکل کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں اس سلسلہ میں ضروری ہدایات دیں۔ تحصلدار دفتر میں قریب ایک گھنٹہ تک چلی اس نشست میں آننت کمار نے اتر کینرا کے ڈی سی سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ بات کی اور بھٹکل میں ہورہی اموات کے تعلق سے سوال کیا۔ انہوں نے پوچھا کہ بھٹکل میں پچھلے 45 دنوں میں 22 لوگوں کی موت ہوچکی ہے تو یہ کیسے معلوم ہوگا کہ ان میں سے کوئی کورونا کا مریض تھا یا نہیں؟ ایم پی آننت کمار نے ڈی سی کو کہا کہ وہ اس سلسلہ میں جانکاری جٹائیں اور انہیں رپورٹ کریں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ڈی سی سے اگلے لائحہ عمل کے تعلق سے بھی سوال کیا۔ ڈی سی نے کہا کہ ان کے تعلق سے ایسی کچھ رپورٹ موصول نہیں ہوئی تھی انہوں نے کہا کہ آئندہ اس سلسلہ میں احتیاط برتی جائے گی اور ہر مرنے والے کا کورونا ٹیسٹ ہوگا، جب تک اس کی رپورٹ منفی نہیں آتی اس وقت تک آخری رسومات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈی سی نے اس موقع پر ایم پی کو یہ بھی کہا کہ آئندہ سے ہر قبرستان کے دروازوں پر پولس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے گا جس سے رپورٹ ملنے میں آسانی ہوگی۔ ایم پی آننت کمار نے اس موقع پر بھٹکل میں عوام کو لاک ڈاؤن کا پابند کرانے کا بھی حکم دیا اور اس سلسلہ میں کسی بھی طرح کی کوتاہی نہ کرنے کی بھی تاکید کی۔ واضح رہے کہ ایم آننت کمار اترکینرا میں لاک ڈاؤن کے دوران پہلی بار اس طرح سے کورونا پر افسران سے بات کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس نشست میں ایم پی کے علاوہ رکن اسمبلی سنیل نائک، اے سی بھرت کمار، ڈی وائی ایس پی گوتم کے سی، تحصلدار ایس روی چندرن، ڈاکٹر شرد اور دیگر موجود تھے۔