روس کے ساتھ کام کریں گے: امریکی صدر
06:25AM Fri 13 Sep, 2013
امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ امریکہ، شام کو اپنے کیمیائی ہتھیاروں کو تباہ کرنے پر آمادہ کرنے کے لیے روس کے ساتھ کام کرے گا لیکن سفارتکاری کی ناکامی کی صورت میں وہ شام کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکی کو قائم رکھے گا۔
براک اوباما نے منگل کو ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ امریکی قوم جنگوں سے تنگ آ چکی ہے۔ انھوں نے عوام کو یہ یقین دہانی کروائی کہ شام پر زمینی حملہ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی ان کے خلاف افغانستان کی طرح لمبے عرصے تک کارروائی ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ شام کے خلاف کسی کارروائی میں محدود پیمانے پر فضائی حملے کیے جائیں گے جس کا مقصد شامی صدر بشارالاسد کو کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے روکنا ہے۔ اُن کا موقف تھا کہ ممکنہ حملے کے بعد شام کے مسئلے کے سیاسی حل کے لیے کوششیں دوبالا کی جائیں گی۔
براک اوباما نے کہا کہ وہ کچھ عرصے سے شام کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کر رہے تھے کیونکہ ان کا خیال تھا کہ طاقت سے شام میں خانہ جنگی ختم نہیں ہوگی۔ لیکن انھوں نے اپنا ذہن اس وقت تبدیل کیا جب شامی حکومت نے مبینہ طور پر اپنے لوگوں کے خلاف سارن گیس کا استعمال کیا۔
BBC URDU