کویت کے سلطان نوئیڈا کے جے پی اسپتال میں زیرعلاج، سیکورٹی کے لئے بھاری پولیس فورس تعینات
11:01AM Wed 28 Jun, 2017
گریٹر نوئیڈا : کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح کو کل علاج کے لیے نوئیڈا کے جے پی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ ان کا اسپتال میں علاج کے لئے چار دن تک رکنے کا پروگرام ہے ۔
کویت کے امیر کے ساتھ 30 لوگوں کا وفد یہاں آیا ہے ۔ یہ لوگ گریٹر نوئیڈا کے جے پی گرین ریزورٹ میں ٹھہرے ہوئے ہیں ۔ تاہم شیخ صاحب کا علاج کر رہے ڈاکٹروں نے ان کی بیماری کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دی ہے ۔
سٹی مجسٹریٹ مہندر سنگھ نے بتایا کہ اپنے وفد کے ساتھ شیخ صاحب اپنے ہوائی جہاز سے اتوار کو نئی دہلی آئے تھے اور وہاں سے وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے جے پی گرین ریزورٹ میں بنے ہیلی پیڈ پر پہنچے ۔ ان کا 25 جون سے دو جولائی تک ضلع میں رہنے کا پروگرام ہے ۔ شیخ صاحب کی سیکورٹی کے لیے بھاری پولیس فورس کو تعینیات کیا گیا ہے ۔