وزیراعظم مودی بنے ' چیمپئنس آف دی ارتھ' ، ایوارڈ دینے خود ہندوستان پہنچے اقوام متحدہ کے چیف
12:24PM Wed 3 Oct, 2018
وزیراعظم نریندر مودی نے یہاں بدھ کے روز ایک تقریب میں اقوام متحدہ کے ماحولیات سے متعلق اعلی ترین اعزاز’یواین ای پی چمپئنس آف دی ارتھ‘2018حاصل کیا۔ وزیراعظم نے پرواسی بھارتیہ کیندر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں یہ ایوارڈ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیوگٹریس اور اقوام متحدہ کے ماحولیات سے متعلق پروگرام کے سربراہ ایرک سولہم سے حاصل کیا۔ اس موقع پر وزیرخارجہ سشما سوراج ،وزیرماحولیات ہرش وردھن اور وزیرثقافت مہیش شرما سمیت دیگر سرکردہ شخصیات موجود تھیں۔ وزیر اعظم مودی کے ساتھ فرانس کے صدر ایمینوئل میکرون کو بھی اس ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گٹیرس وزیراعظم مودی کو ایوارڈ دینے کے لئے خود دلی پہنچے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے اس ایوارڈ کے لئے اقوام متحدہ اور ہندوستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم مودی نے کہا، "یہ اعزاز ماحولیات کے تحفظ کے لئے ہندوستان کے سوا سو کروڑ لوگوں کی عہد بستگی کا ہے۔
اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے سربراہ نے کہا،’’سب سے اہم خام مادہ سونا،تیل ،توانائی یاکوئی دیگر معدنی شے نہیں ہے ۔جوخام مادہ موجود نہیں ہے وہ ہے سیاسی قیادت اور وزیراعظم نریندرمودی ہندستان اور دینا کو یہ فراہم کر رہے ہیں ۔ ‘‘ وزیراعظم مودی کو بین الاقوامی شمسی اتحاد کی حمایت میں ان کے نمایاں کام اور 2022تک ہندستان میں ایک بار استعمال ہونے والی سبھی پلاسٹک کوختم کرنے کے ان کے غیر معمولی عزم کے لئے پالیسی قیادت کے زمرے میں منتخب کیاگیا ہے۔