مصر کی سلامتی کے لیے خلیج کا استحکام اہم ہے: وزیراعظم ببلاوی

11:14AM Mon 28 Oct, 2013

مصر کی سلامتی کے لیے خلیج کا استحکام اہم ہے: وزیراعظم ببلاوی بھٹکلیس نیوز / 28 اکتوبر، 13 مصر / (ایجنسی) مصر کے عبوری وزیراعظم حازم الببلاوی نے خلیجی ریاستوں کی سکیورٹی کی خلاف ورزیوں کا ناتا اپنے ملک کی قومی سلامتی سے جوڑا ہے اور کہا ہے کہ مصر کی قومی سلامتی کے لیے خلیج کے خطے میں استحکام اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے یہ بیان اتوار کو متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوسرے روز جاری کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ مصر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں اور صنعتوں سے متعلق یو اے ای کے تجربات سے استفادہ کرے گا اور دونوں ممالک دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے ۔ مصری وزیر اعظم نے کہا کہ ''یو اے ای کے ساتھ ہمارے تعلقات دونوں حکومتوں تک محدود نہیں ہیں بلکہ اس میں نجی شعبے کو بھی شامل کیا جائے گا''۔ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات مصر میں سرمایہ کاری کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے اور ہم سرمایہ کاروں کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات کو تیار ہیں۔ گذشتہ روز انھوں نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ نئے قرضوں ،ایندھن کے حصول اور دوسری امداد سے متعلق ایک ارب نوے کروڑ ڈالرز مالیت کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ واضح رہے کہ 3 جولائی کو مسلح افواج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح السیسی کے ہاتھوں اخوان المسلمون سے تعلق رکھنے والے منتخب جمہوری صدر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد یو اے ای نے مصر کو تین ارب ڈالرز کی امداد دینے کا وعدہ کیا تھا اور یہ امداد خلیجی ممالک کی جانب سے معاشی بحران کا شکار مصر کے لیے اعلان کردہ بارہ ارب ڈالرز کے پیکج کا حصہ تھی۔ ببلاوی نے اپنے بیان میں محمد مرسی کی قیادت میں اخوان المسلمون کے مختصر دور حکومت پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ اس سے خود ملک تباہ ہوا اور اس کا تشخص داغدار ہوا ہے۔ یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کی رپورٹ کے مطابق مصر کے ساتھ طے پائے نئے معاہدے میں اس ملک کے لیے امداد کا فریم ورک وضع کیا گیا ہے اور اس سے مزید امداد کے دروازے کھل سکتے ہیں۔ bablavi