تین طلاق بل کے خلاف دو لاکھ سے زائد برقع نشیں مسلم خواتین سڑکوں پر اتریں ، شریعت میں مداخلت قرار دیا

12:49PM Sat 17 Feb, 2018

مالیگاوں : شریعت میں مداخلت اور تین طلاق بل کے خلاف مالیگاوں مین دو لاکھ سے زائد مسلم خواتین نے سڑکوں پر اتر کر احتجاج کیا ۔ برقع پہن کر جلوس میں شامل خواتین کا کہنا تھا کہ ایسا کرکے ملک کے حالات کو خراب کیا جا رہا ہے ۔ یہ جلوس اندھیری سے باندرا تک نکالا گیا ۔ اس دوران ممبئی کے مالیگاوں کی سڑکیں پوری طرح سے نقاب پوش خواتین سے بھری ہوئی نظر آرہی تھیں اور تا حد نظر صرف اور صرف خواتین کی دکھائی دے رہی تھیں ۔ قابل ذکر ہے کہ مسلم پرسنل لا بورڈ سمیت تقریبا سبھی مسلم تنظیمیں تین طلاق بل کو واپس لینے کا مطالبہ کررہی ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ شریعت میں کسی قسم کی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی ۔ ممبئی میں سڑکوں پر اتری لاکھوں خواتین نے بھی تین طلاق بل کو شریعت میں مداخلت اور ناقابل قبول قرار دیا ۔