امریکی وزیرخارجہ کے جدہ میں سعودی قیادت سے مذاکرات
02:27PM Thu 25 Aug, 2016
بات چیت میں یمن اور عراق میں قیام امن پر تبادلہ خیال
امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے گذشتہ روز جدہ میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں علاقائی مسائل بالخصوص یمن اور عراق کے بحرانوں کے حل پر تبادلہ خیال کیا۔
العربیہ کےمطابق جون کیری نے سعودی قیادت سے ملاقات کے دوران یمن کے بحران کے پرامن حل پر زور دیا۔ انہوں نے یمن میں قیام امن اور آئینی حکومت کی بحالی کے لیے ریاض کی کوششوں کو سراہا۔
اجلاس میں امریکا اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ دوستانہ تعلقات کے قیام اور باہمی تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔
جان کیری آج جدہ میں خلیجی ممالک کے وزراء خارجہ سے الگ لگ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں بھی یمن، شام اور عراق کے بحران سر فہرست ہوں گے۔
گذشتہ روز جدہ میں منعقدہ اجلاس میں ولی عہد اور نائب ولی عہد کے ہمراہ وزیر مملکت ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عادل الطریفی، وزیرخارجہ عادل الجبیر اور جنرل انٹیلی جنس چیف خالد الحمیدان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سعودی عرب میں متعین امریکی سفیر جوزف ویسٹفول، امریکی امن ایلچی فرانک لونیچائن اور امریکی وزارت خارجہ میں مشرق قریب کی معاون این پیٹر سن بھی موجود تھیں۔