شاہ سلمان نے کی نیوزی لینڈ حملہ کی شدید مذمت، حملہ کو بدترین دہشت گردی سے کیا تعبیر
02:04PM Sat 16 Mar, 2019
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں جمعہ کے روز دو مسجدوں میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جرائم میں ملوث افراد کو عبرتناک سزا دینے کی مانگ کی ہے۔ اس دہشت گردانہ حملے میں کم از کم 49 افراد کی موت جبکہ 48 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق، ٹویٹر پر اپنے بیان میں خادم الحرمین الشریفین نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں نماز ادا کرنے والے مسلمانوں پر بزدلادنہ اور وحشیانہ حملہ بدترین دہشت گردی ہے۔ عالمی برادری کو نفرت پھیلانے اور دہشت گردی کے مرتکب عناصر کے خلاف مل کر جنگ جاری رکھنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین اور مذہب نہیں ہوتا۔ دہشت گرد دینی اور انسانی اقدار سے عاری ہیں۔
خیال رہے کہ مساجد میں نمازیوں کے وحشیانہ قتل عام کی پوری دنیا میں مذمت کی جا رہی ہے۔ نیوزی لینڈ کی حکومت نے مرکزی حملہ آور سمیت 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔