جاوید اختر بولے۔ برقع سے پہلے گھونگھٹ پر بھی پابندی لگنی چاہئے
12:01PM Thu 2 May, 2019
فلمی نغمہ نگار اور متعدد ایوارڈوں سے سرفراز جاوید اختر نے آج کہا ہے کہ ملک میں اگر برقع پر پابندی لگنے کی بات ہو رہی ہے تو پہلے گھونگھٹ پر پابندی لگنی چاہئے۔ بالی ووڈ فلموں میں متعدد مشہور گیتوں کے خالق جاوید اختر نے یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب میں کہا ہے کہ راجستھان میں بھی لمبے گھونگھٹ پہننے کی روایت ہے۔ اس طرح کے گھونگھٹ پہننے کی روایت پر پہلے پابندی لگنی چاہئے۔
دراصل پڑوسی ملک سری لنکا میں دہشت گردانہ حملے کے بعد برقع پر پابندی لگنے کی خبر سامنے آئی ہے۔ اس کے بعد ملک میں کچھ تنظیموں نے برقع پر بھی پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس تعلق سے جاوید اختر سے سوال پوچھا گیا تھا۔ جاوید اختر نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ برقع پر پابندی سے پہلے راجستھان میں انتخابات کے دوران گھونگھٹ پر بھی پابندی لگنی چاہئے۔
ایک دیگر سوال کے جواب میں انہوں نے براہ راست مرکز کی مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ ملک میں آج ایک ٹرینڈ چل رہا ہے۔ اگر کوئی شخص ایک خاص فکر کا حامل نہیں ہے تو اسے ملک دشمن قرار دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔انہوں نے خود کو کانگریس سے بھی الگ بتایا اور کہا کہ موجودہ لوک سبھا انتخابات کافی اہم ہیں اور یہ ملک کی سمت کو طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک تنوع والا ہے اور یہاں پر اتحاد ہونا چاہئے۔ ملک کا وجود ہمیشہ قائم رہے گا اور لیڈران آتے جاتے رہیں گے۔