آج رات سال کا آخری چاند گرہن ہوگا، ہندوستان میں جزوی طور پر دیکھا جائے گا

04:20PM Mon 7 Aug, 2017

نیو دہلی: اس سال کا آخری چاند گرہن آج رات یعنی 7 اور 8 اگست 2017 کی درمیانی شب کو ہوگا اور یہ پورے ہندوستان میں دیکھا جاسکے گا۔ یہ چاند گرہن جزوی نوعیت کا ہوگا جس کے دوران چاند کا کچھ حصہ تاریک ہوگا اور اس کی روشنی میں بھی کسی حد تک کمی آجائے گی۔ ہندوستانی وقت کے مطابق یہ چاند گرہن رات 10 بج کر 22 منٹ پر شروع ہوگا اور11 بج کر 20 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچنے کے بعد رات 12 بج کر 18 منٹ پر اختتام پذیر ہوجائے گا۔ اس طرح یہ چاند گرہن 1 گھنٹہ 54 منٹ تک جاری رہے گا۔ اس جزوی چاند گرہن کے دوران چاند کا زیادہ سے زیادہ 24.6 فیصد حصہ تاریکی میں ڈوب جائے گا۔ یہ اس سال کا آخری چاند گرہن بھی ہوگا۔ اس کے بعد 31 جنوری 2018 کے روز اگلا چاند گرہن ہوگا جو مکمل چاند گرہن ہوگا البتہ اگلے سال کا دوسرا اور مکمل چاند گرہن 27 اور 28 جولائی 2018 کی درمیانی رات واقع ہوگا اور اسے پورے پاکستان میں دیکھا جاسکے گا۔ واضح رہے کہ چاند گرہن کے دوران زمین کا سایہ چاند پر پڑرہا ہوتا ہے جب کہ سورج گرہن میں سورج اور زمین کے درمیان چاند آجاتا ہے۔ سورج گرہن ہو یا چاند گرہن، دونوں میں سے کسی کا تعلق بھی نحوست یا بدنصیبی سے ہرگز نہیں بلکہ ان کا شمار مظاہرِ فطرت میں کیا جاتا ہے۔ اسی مہینے یعنی 21 اگست 2017 کے روز مکمل سورج گرہن کا موقعہ بھی آرہا ہے البتہ یہ صرف شمالی امریکا میں ہی دیکھا جاسکے گا اور ہندوستان میں 22 تاریخ کی صبح ہونے سے پہلے ہی یہ ختم ہوچکا ہوگا یعنی ہندوستان میں کہیں پر بھی دیکھا نہیں جاسکے گا۔ اسی بناء پر اس سورج گرہن کو ’’گریٹ امریکن اکلپس‘‘ (عظیم امریکی گرہن) بھی کہا جارہا ہے۔