مودی-شاہ کو کلین چٹ ملنے سے الیکشن کمشنر ناراض، کمیشن کی میٹنگوں سے بنائی دوری
09:44AM Sat 18 May, 2019
پی ایم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی معاملوں سے جڑی شکایتوں پر کلین چٹ دینے سے ناراض الیکشن کمشنر اشوک لواسا نے اپنا احتجاج ظاہر کرنا شروع کر دیا ہے۔ ہندوستان ٹائمز کی خبروں کے مطابق اشوک لواسا نے حال ہی میں چیف الیکشن کمشنر کو ایک خط لکھ کر کہا ہے کہ جب تک ان کی نااتفاقی والی بات کو آن ریکارڈ نہیں کیا جائے گا اس وقت تک وہ کمیشن کی کسی میٹنگ میں شامل نہیں ہوں گے۔ دراصل اشوک لواسا نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ایم مودی کو متنازعہ بیانات کے معاملے میں کلین چٹ دیے جانے پر ان کے فیصلے کو ریکارڈ نہیں کیا گیا۔
اشوک لواسا نے 4 مئی کو لکھے اپنے خط میں دعویٰ کیا تھا کہ ’’جب سے اقلیتی رائے کو ریکارڈ نہیں کیا گیا اس وقت سے لے کر مجھے کمیشن کی میٹنگ سے دور رہنے کے لیے دباؤ بنایا گیا۔‘‘
واضح رہے کہ پی ایم مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ کے خلاف ملی شکایتوں کی جانچ کے لیے تشکیل کی گئی کمیٹی میں چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا، اشوک لواسا اور سشیل چندرا شامل تھے۔ ان معاملوں میں الیکشن کمشنر لواسا کی بات باقی دونوں اراکین سے الگ تھی اور وہ انھیں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے دائرے میں مان رہے تھے۔ لیکن اکثریت سے لیے گئے فیصلے میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں مانتے ہوئے کلین چٹ دے دی گئی۔ صرف یہی نہیں، لواسا چاہتے تھے کہ ان کی بات ریکارڈ پر لی جائے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔