لاک ڈاون: باندرہ ریلوے اسٹیشن پر افواہ کے سبب امنڈی بھیڑ، پولیس نے کیا لاٹھی چارج

03:40PM Tue 14 Apr, 2020

ممبئی: ممبئی کے باندرہ ریلوے اسٹیشن پرلوگوں کی زبردست بھیڑ امڈ پڑی ہے۔ لاک ڈاون کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ ریلوے اسٹیشن پر جمع ہوگئے۔ لوگ گھر بھیجےجانےکو لےکر ریلوے اسٹیشن پر ہنگامہ کرنے لگے، جس کے بعد پولیس نے بھیڑ پرلاٹھی چارج کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلے پولیس نے لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کی، لیکن جب لوگ نہیں مانے تو پولیس نے لاٹھی چارج کرکے بھیڑ کو ہٹایا۔ ایسا بتایا جارہا ہےکہ آس پاس کی بستیوں میں افواہ پھیلی کہ باہر کے لوگوں کو گھر بھیجا جائےگا، جس کے لئے باندرہ ریلوے اسٹیشن سے ٹرین چلےگی، جس کے بعد وہاں بھاری تعداد میں لوگ اکٹھا ہونے لگے۔ وہاں جمع لوگوں کا کہنا تھا کہ یا تو انہیں گھر بھیجا جائے یا پھر ان کےلئےکھانےکا انتظام کیا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلے باندرہ (مغرب) بس اسٹینڈ پر بھی لوگ جمع ہوئے، انہیں ہٹانے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔
مرکزی حکومت مزدوروں کو گھر بھیجنےکا فیصلہ نہیں لے پائی: آدتیہ ٹھاکرے کورونا وائرس سے نمٹنے کےلئے ملک میں لاک ڈاون کو تین مئی تک بڑھا دیا گیا ہے۔ اسی پورے حادثہ پر مہاراشٹرحکومت میں وزیر اور وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کےبیٹے آدتیہ ٹھاکرے نے ٹوئٹ کرکے مرکزی حکومت پر الزام لگائے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ وقت میں باندرہ اسٹیشن سے مزدوروں کو ہٹا دیا گیا ہے۔ ابھی حال ہی میں سورت میں بھی ایسا ہی ہوا تھا۔ مرکزی حکومت مزدوری کو گھر بھیجنے کا فیصلہ نہیں لے پائی ہے۔ وہ لوگ کھانے اور آشرے چاہتے ہیں، وہ گھر واپس جانا چاہتے ہیں۔