لاہور میں مال روڈ پر’دھماکہ‘، اعلیٰ پولیس افسران ہلاک
03:00PM Mon 13 Feb, 2017
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مال روڈ پر چیئرنگ کراس کے مقام پر ہونے والے دھماکے میں لاہور پولیس کے دو افسران سمیت نو افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق یہ دھماکہ پنجاب اسمبلی کے قریب اس مقام پر ہوا جہاں ڈرگ ایکٹ میں ترمیم کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین جمع تھے۔ دھماکے میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے اور آگ بجھانے کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور زخمیوں کو گنگا رام ہسپتال پہنچانے کا عمل جاری ہے۔ لاہور پولیس کے حکام نے بی بی سی اردو کے شہزاد ملک سے بات کرتے ہوئے دھماکے میں ڈی آئی جی ٹریفک احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشنز زاہد محمود گوندل کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ حکام کے مطابق ان کے علاوہ مزید سات افراد اس دھماکے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ تاحال دھماکے کی نوعیت کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا تاہم دھماکے کے بعد ٹی وی پر دکھائے جانے والے مناظر میں ایک کار میں لگی آگ بھی دیکھی جا سکتی ہے۔