سینئر وکیل رام جیٹھ ملانی کا 95 سال کی عمر میں انتقال ، گزشتہ کچھ عرصہ سے تھے علیل

05:01PM Sun 8 Sep, 2019

سینئر وکیل رام جیٹھ ملانی کا اتوار کو انتقال ہوگیا ۔ وہ 95 سال کے تھے ۔ وہ سپریم کورٹ میں سینئر ایڈووکیٹ تھے ۔ ان کا شمار ملک کے چنندہ کریمنل وکیلوں میں کیا جاتا رہا ہے ۔ وہ بی جے پی کی جانب سے راجیہ سبھا رکن بھی رہ چکے ہیں ۔ رام جیٹھ ملانی کا انتقال ان کی 96 ویں سالگرہ سے صرف چھ دن قبل ہوا ہے ۔ رام جیٹھ ملانی وکالت کے علاوہ اپنے بیانات کی وجہ سے بھی اکثر سرخیوں میں رہتے تھے ۔ رام جیٹھ ملانی نے 17 سال کی عمر میں ہی وکالت کی ڈگری حاصل کرلی تھی ۔ اس وقت قانون میں ترمیم کرکے انہیں 18 سال کی عمر میں پریکٹس کرنے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ قانون کے مطابق پریکٹس کیلئے عمر کی حد 21 سال تھی ۔
رام جیٹھ ملانی نے جو اہم کیس لڑے ان میں ناناوٹی بنام مہاراشٹر حکومت ، سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قاتلوں ستونت سنگھ اور بیئنت سنگھ ، ہرشد مہتا اسٹارک مارکیٹ اسکیم ، حاجی مستان کیس ، حوالہ اسکیم ، مدراس ہائی کورٹ ، دہشت گرد افضل گرو ، جیسیکا لال قتل کیس ، ٹوجی اسکیم اور آسارام کے کیسز شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں رام جیٹھ ملانی بابا رام دیو ، راجیو گاندھی کے قاتلوں ، لالو یادو ، جے للتا اور جگن موہن ریڈی کی پیروی بھی کرچکے ہیں ۔