اترپردیش اور اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلی این ڈی تیواری کا 93 سال کی عمر میں انتقال
12:46PM Thu 18 Oct, 2018
اترپردیش کے تین بار وزیراعلی رہے ،سابق سیاست داں نارائن دت تیواری کا جمعرات کو ایک پرائیویٹ اسپتال میں انتقال ہوگیا ۔وہ 93برس کے تھے۔ مسٹر تیواری لمبے وقت سے بیمار تھے اور وہ یہاں کے پرائیویٹ اسپتال میں داخل تھے۔ اتراکھنڈ میں 17اکتوبر1925کو نینی تال ضلع کے بلوتی گاؤں میں پیدا ہوئے مسٹر تیواری اتراکھنڈ کے وزیراعلی اور آندھرپردیش کے گورنر بھی رہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر کے طورپر بھی اپنی خدمات دیں۔ان کے خاندان میں ان کی اہلیہ اجولا تیواری اور ایک بیٹا روہت شیکھر ہے۔
بھارت چھوڑو آندولن میں جیل جانے والے مسٹر تیواری نے آزادی کے بعد پرجا سوشلسٹ پارٹی سے اپنا سیاسی کریئر شروع کیا تھا۔وہ بعد میں کانگریس کے اہم لیڈر اور ملک کے پہلے ایسے سیاست داں ہوئےجنہیں دو ریاستوں کے وزیراعلی ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔انہوں نے کانگریس سے الگ ہوکر تیواری کانگریس بھی قائم کی تھی۔
مسٹر تیواری کی ابتدائی تعلیم ہلدوانی ،بریلی اور نینی تال میں ہوئی۔انہوں نے الہ آباد یونیورسٹی سے سیاسیات میں ایم سے کیا تھا۔اس دوران وہ زمانہ طالب علمی میں ہی سیاست میں فعال رہے۔انہیں 1942کے انقلاب میں 14دسمبر کو گرفتار کرکے نینی تال جیل بھیج دیا گیا تھا،جہاں وہ دوسال تک رہے۔
آزادی کے بعد 1947 میں انہیں کانگریس کا سکریٹری بنایا گیا۔1952میں انہوں نے پرجا سوشلسٹ پارٹی کے ٹکٹ پر نینی تال سیٹ سے اترپردیش اسمبلی کا الیکشن لڑا اور جیت حاصل کی۔اس کے بعد وہ اسی پارٹی کے ٹکٹ پر اسی سیٹ سے دوسری بار رکن اسمبلی بنے تھے۔ 1963میں وہ کانگریس پارٹی میں شامل ہوگئے اور 1965میں کاشی پور سے رکن اسمبلی منتخب کئے گئے اور اترپردیش حکومت میں وزیر بنے۔چودھری چرن سنگھ کی حکومت میں وہ پارلیمانی امور کے وزیر بھی بنے۔مسٹر تیواری 1969تک یوتھ کانگریس کےپہلے صدر رہے۔