ریمیڈیل ٹیچرس کو 9ماہ سے معاوضہ نہیں ملا،معاوضہ کے لئے ٹیچر س کی جانب سے یادداشت پیش 

02:34PM Wed 10 May, 2017

ضلع مینارٹی افسر نے 4دن میں معاوضہ اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرنے کا تیقن دیا بیدر۔(بھٹکلیس نیوز)ریمیڈیل ٹیچرس کے ایک وفدنے آج دفتر محکمہ اقلیتی بہبود موقوعہ قدیم سرکاری دواخانہ ، منیارتعلیم بیدر پہنچ کر ایک یادداشت مینارٹی آفیسر کے حوالے کی اور مطالبہ کیاکہ گذشتہ 9ماہ کی ہماری خدمات کا کوئی معاوضہ اب تک نہیں دیاگیا ہے۔ براہ کرم فی الفور اس طرف توجہ فرمائیں ۔وفد میں شامل محمدخواجہ ، محمدادریس ، محمدعرفان ، فریداحمد، محمدقدیر، محمدفصیح الدین وغیرہ نے آج صحافیوں کو بتایاکہ ایک ماہ سے ہم روزانہ مینارٹی دفتر کے چکرلگارہے ہیں لیکن ریمیڈیل ٹیچرس کا معاوضہ ہمیں ابھی تک نہیں ملا۔ ایک ٹیچر نے بتایاکہ ریمیڈیل ٹیچرس کوماہانہ 1200یا جتنی کلاسیس ہوں اس حساب سے کم یازیادہ رقم بنتی ہے۔اگست2016تامارچ2017تک کی ہماری رقم اکاؤنٹ میں نہیں ڈالی گئی۔ فرید احمد کاکہناتھاکہ میں بیدر سے بھالکی سفر کرتاہوں اور وہاں ریمیڈیل ٹیچنگ انجام دیتاہوں ۔ ابھی تک رقم میرے اکاؤنٹ میں نہیں آئی۔ جناب اویناش ارگنڈی ضلع مینارٹی افسرنے ریمیڈیل ٹیچرس سے یادداشت وصول کرنے کے بعد انہیں تیقن دیاکہ 2-4دن میں ان کے اکاؤنٹ میں رقم پہنچ جائے گی۔اس موقع پر منہلی کے سی آرپی محمدسلیم اور بسواکلیان کے سی آرپی محمدمستان بھی موجودتھے۔ انھوں نے بتایاکہ ہمیں ڈی ڈی پی آئی کے ای سی او کو ریمیڈیل ٹیچرس کی حاضری کی تفصیل داخل کرنی ہوتی ہے جو ہم نے داخل کردی ۔ اسی طرح کچھ ڈاٹا مینارٹی آفس مے بھی دیناتھا دے چکے ۔ ہم نے ساری تفصیلات اپریل کے پہلے مہینہ میں داخل کردی ہیں۔بسواکلیان کے سی آرپی محمدمستان نے بتایا کہ بسواکلیان میں 11اور بسواکلیان دیہی علاقوں میں 7اس طرح جملہ 18سنٹرس ہیں۔ فی سنٹر تین ٹیچرس کے حساب سے 54ٹیچرس ریمیڈیل ٹیچنگ کی خدمات انجام دیتے ہیں۔ ٹیچروں کے وفد کے چلے جانے کے بعد جناب اویناش ارگنڈی ضلع مینارٹی افسر نے صحافیوں کو بتایاکہ ریمیڈیل ٹیچنگ اسکیم محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت چلتی ہے۔ جس کاتعاون محکمہ تعلیمات عامہ کرتاہے۔ ہر سنٹر کے لئے نوڈل افسر مقرر ہے جو وہاں کا صدر معلم ہواکرتاہے۔ سی آرپی ، ای سی اواور سبجکٹ ٹیچر پر مشتمل ہمارانظام ہے۔ ساتویں اور دہم جماعت کے طلبہ کو سائنس ، حساب اور انگریزی کی ہردن 2گھنٹے ریمیڈیل کوچنگ دی جاتی ہے تاکہ آٹھویں جماعت اور کالج میں طلبہ کو کسی بھی قسم کی تکلیف نہ ہو۔ معیار تعلیم بلند کرنے کی یہ ایک کوشش ہے۔ ریمیڈیل ٹیچرس کی حاضریوں کی اطلاع ہمیں متعلقہ افسر کے ذریعہ ماہ اپریل سے آرہی ہے۔ اس حاضریوں کو جانچ کے بعد تمام ریمیڈیل ٹیچرس کے اکاؤنٹ میں ہمیں رقم ڈالنا ہے۔ لیکن یہاں اسٹاف کی کمی ہے ۔ اسٹاف کا ایک حصہ تربیت کے لئے روانہ کیاگیاہے۔ جملہ 9کے اسٹاف میں سے 2مستقل اسٹاف میں شامل ہیں۔ 7میں سے 5کو Out Sourceسے لیاگیاہے۔ 5میں سے 4افراد کام کررہے ہیں۔اور 2جائیدادیں دفتر ضلع اقلیتی بہبود میں خالی ہیں۔ چونکہ ہماری طرف سے بھی ہفتہ 10دن کی تاخیر ہوئی ہے ۔ لیکن ہم اس مسئلہ کو حل کریں گے ۔فہرست بن رہی ہے۔جو بھی سی آرپیز سے ملی ہوئی کاپیاں ہیں اور جن کا کوئی معاملہ پیچھے نہیں ہے ایسوں کی بینک کو لسٹ 4دن میں روانہ کردی جائے گی۔مینارٹی افسر نے ECOڈی ڈی پی آئی بیدر پر الزام لگایاکہ ہم کئی بار بول چکے ہیں کہ ہمیں لیٹرس دیں لیکن وہ لیٹرس نہیں دے رہے ہیں اسلئے بھی ٹیچرس کو ریمیڈیل معاوضہ نہیں دیاگیا۔