بھٹکل میں آج کورونا معاملات میں پھر 9 مریضوں کا اضافہ: ضلع اتر کینرا میں آج سامنے آئے 23 نئے معاملات
12:46PM Sun 5 Jul, 2020
کاروار: 5 جولائ 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ضلع اتر کینرا آج مزید 23 معاملات سامنے آئے ہیں جن میں 9 مریضوں کا تعلق بھٹکل سے ہے۔
بھٹکل کے علاوہ آج کمٹہ سے پانچ معاملات، منڈگوڈ اور ہلیال سے تین تین معاملات، انکولہ، کاروار اور سرسی سے ایک ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔
بھٹکل کے جن افراد میں آج کورونا کی تصدیق ہوئی ہے ان میں ایک نوجوان مرڈیشور کا ہے جو چند روز پہلے ہی کیرالہ سے لوٹا تھا جبکہ ایک معمر خاتون کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ نجی اسپتال کی ایک نرس کے رابطہ میں آئی تھی جسے دو دن قبل کورونا کا مرض لاحق ہوا تھا۔ ان کے علاوہ مزید سات افراد کے بارے میں خبر ملی ہے کہ وہ اس سے قبل پوزیٹیو آئے نوجوان 17121 کے رابطہ میں تھے۔
خیال رہے کہ آج کی بلٹین کے مطابق ضلع اتر کینرا میں کل 21 مریض پائے گئے ہیں لیکن ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اترکینرا میں آج متاثرین کی تعداد 23 ہے۔
ان نئے معاملات کے بعد ضلع میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 356 کو پہنچ گئی ہے جن میں سے 159 افراد مکمل صحت یاب ہوکر واپس گھر لوٹ چکے ہیں اور 194 افراد کا علاج جاری ہے جبکہ ایک شخص کا کورونا کی وجہ سے انتقال بھی ہوا ہے۔
ضلع میں سب سے زیادہ کورونا سے متاثرہ افراد کا تعلق بھٹکل سے ہے، جہاں اب تک 132 افراد اس مرض سے متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 55 افراد صحت یاب ہوئے ہیں اور 77 افراد زیر علاج ہیں۔